670 اساتذہ کو تدریسی تربیت مکمل کروائی گئی۔ جام مہتاب حسین ڈھر

پیر 23 اکتوبر 2017 21:04

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم سندھ کینیڈین حکومت کے تعاون سے ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز کو مزید بہتر بنانے اور اساتذہ کی بہتر تر بیت کرنے کے منصوبے پر کام کررہی ہے اور ا س منصوبے پر مجموعی طور پر 1302.773 ملین روپے خرچ کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے ضلع ملیر میں در سانو چنو گورنمنٹ ایلیمینٹری کالج آف ایجوکیشن میں پروفیشنل ڈیویلپمنٹ سینٹر کے قیام کی افتتاحی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر پیری جے کیلڈروڈ اور سیکرٹری تعلیم اسکولز اقبال حسین دررانی اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ جب تک ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز معیاری نہیں ہوں گے اس وقت اعلی معیار کے اساتذہ میسر نہیں آسکیں گے۔

(جاری ہے)

سندھ میں معیار تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اساتذہ کی تربیت اشد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ اب تک 19513 پرائمری اساتذہ اور 8157 جونئیر اسکول اساتذہ کی تربیت ان اداروں میں مکمل کی جا چکی ہے۔ اس موقع پر کینیڈین ہائی کمشنر پیری جے کلیڈر وڈ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ملازمت کرنے اور ملازمت کے خواہش مند اساتذہ کو تربیت فراہم کرنے کے ساتھ اساتذہ کے تربیتی مراکز کی بحالی، ان کی تزئین و آرائش اور مرمت بھی شامل ہے اور ان اداروں میں کمپیوٹر لیبز کو بھی فعال کیا جارہا ہے۔