صوبائی وزیر برائے پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کا ڈ ی ایچ کیوہسپتال قصور کا دورہ

وارڈز ، میڈیسن سٹور ، ڈسپنسری ، آپریشن تھیٹر، ایمرجنسی و دیگر شعبوں کا معائنہ کیا

پیر 23 اکتوبر 2017 21:03

قصور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)صوبائی وزیر برائے پرائمری و سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال قصور کا اچانک دورہ ‘تمام وارڈز ، میڈیسن سٹور ، ڈسپنسری ، آپریشن تھیٹر، ایمرجنسی اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا ، انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے ہسپتال میں دی جانیوالی طبی سہولیات بارے دریافت کیا ، اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ، ایم ایس ڈاکٹر نذیر احمداور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے ،بہت جلد پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کر دی جائینگی ،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بھرتی کے عمل کا آغاز ہو چکا ہے ،ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کی ری ویپنگ کا عمل بہت جلد مکمل ہو جائیگااور ہسپتال میں صحت کی جدید سہولیات باہم پہنچا دی جائینگی جس سے ضلع کے باسیوں کو علاج معالجے کیلئے لاہور یا دوسرے بڑے شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی ،صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ڈاکٹر مسیحا ہیں اور انسانیت کیلئے ان کی خدمات ناقابل فراموش رہی ہیں ، انہیں چاہیے کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور اپنی پیشہ وارانہ مہارت کیساتھ ساتھ بہترین اخلاق سے مریضوں کا علاج کریں ، صوبائی وزیر نے ہسپتال دورہ کے دوران صفائی ستھرائی ، ہارٹیکلچر ‘سکیورٹی کا بھی جائزہ لیا اور مریضوں و لواحقین سے ہسپتال میں دی جانیوالی طبی سہولیات بارے آگاہی حاصل کی اور اطمینان کا اظہار کیا ۔