وزیر صحت کا ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور کا اچانک دورہ

جاری کی گئی ہدایات پر عملدرآمدکا جائزہ لینے آیا ہوں،خواجہ عمران نذیر

پیر 23 اکتوبر 2017 21:03

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے پیر کے روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور کا اچانک دورہ کیا، ڈپٹی کمشنر قصور سائرہ عمر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی وزیر صحت کے ہمراہ تھے، خواجہ عمران نذیر نے آئوٹ ڈور ایمرجنسی ، گائنی ، انتظار گاہ اور وارڈز کا معائنہ کیا۔

اُنہوں نے ہسپتال کے ادویات کے سٹور کا بھی جائزہ لیا۔خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال کے مریضوں سے سہولیات بارے دریافت کیا۔ وزیر صحت نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف اور محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے فالو اپ کے طور پر ہستپالوں کے دورے کر رہے ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے آئوٹ ڈور میں مریضوں کے رش کے پیش نظر ٹوکن سسٹم شروع کرنے کی ہدایت کی تاکہ مریض اپنی باری پر ڈاکٹر سے معائنہ کرا سکیں۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے مریضوں کے ویٹنگ ایریا میں بینچ ڈالوانے کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے ایمرجنسی کا ئونٹرز بڑھانے اور مزید اہلکار تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیر صحت نے گائنی ڈیپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ خواجہ عمران نذیر نے گائنا کالوجسٹ کے ڈیوٹی روسٹر کو تبدیل کرنے اور دو گائنا کالوجسٹ صبح اور دو کی رات میں ڈیوٹی لگانے کی ہدایت کی۔