عوام کے جان و مال کے سو فیصد تحفظ کو یقینی بنایا جائے، صوبائی وزیر اقبال چنٹر

اسٹریٹ کرائم کے مؤثر سدباب کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر بہاول پور میں ڈولفن سکواڈ تعینات کردیا گیا ہے، پولیس لائن میں ڈولفن اسکوارڈ کی تعیناتی کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 23 اکتوبر 2017 21:02

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو سو فیصد یقینی بنانے اور سٹریٹ کرائم کے مؤثر سدباب کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر بہاول پور میں ڈولفن سکواڈ تعینات کردیا گیا ہے جو شہر میں پیشہ وارانہ مہارت اور جدید پولیسنگ کا عملی نمونہ پیش کریں گے۔

یہ بات انہوں نے پیر کے روز پولیس لائن بہاول پور میں ڈولفن سکواڈ کی تعیناتی کے حوالے سے منعقدہ افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہی۔ صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ نے بتایا کہ دو سال قبل خادم پنجاب محمد شہباز شریف کو بہاول پور میں ڈولفن سکواڈ تعینات کرنے کی خصوصی درخواست کی گئی تھی جس پر ان کی خصوصی ہدایت پر عمل درآمد شروع کردیا گیا اور آج اس وعدہ کی تکمیل کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب میں چیئرمین ضلع کونسل شیخ دلشاد احمد، ڈپٹی میئر ملک منیر اقبال چنڑ، صدر چیمبر آف کامرس اعجاز ناظم، ممبر صوبائی اسمبلی خالد محمود وارن، ڈپٹی کمشنر بہاول پور رانا محمد سلیم افضل، صدر انجمن تاجران حافظ محمد یونس، سول سوسائٹی کے اراکین ، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سمیت پولیس افسران اور جوانوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔

تقریب میںریجنل پولیس آفیسر رفعت مختار راجہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ڈولفن سکواڈ کے لائحہ عمل اور افادیت سے متعلق شرکائ کو اہم معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈولفن سکواڈ ترکی کی طرز پر بنائی گئی پولیس فورس ہے جو سٹریٹ کرائمز کے سدباب کے لیے پیشہ وارانہ مہارت رکھتی ہے اور سٹریٹ کرائمزکو کنٹرول کرنے میں موثرومددگار ثابت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈولفن سکواڈ کے جوانوں کو جدید تربیت فراہم کی گئی ہے جو دو شفٹوں میں اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ ڈولفن سکواڈ کی پہلی شفٹ صبح آٹھ بجے سے شام چار بجے تک جبکہ دوسری شفٹ شام چار بجے سے رات بارہ بجے تک شہری علاقوں میں اپنی خدمات سرانجام دے گی۔انہوں نے بتایا کہ ڈولفن سکواڈ 91جوانوں پر مشتمل دستہ ہے جس میں 8 اپر سب آرڈی نیٹ اور83لوئر سب آرڈی نیٹ شامل ہیں۔

ڈولفن سکواڈ کے جوان ایک شفٹ کے دوران بیس جدید ہیوی بائیکس پر پٹرولنگ کریں گے اور جدید آتشیں اسلحہ سے لیس ہوں گے۔آر پی او رفعت مختار راجہ نے بتایا کہ ڈولفن سکواڈ کے پاس45جدید ہیوی بائیکس ، جدید رائفل ایم پی فائیو اور پسٹل ہوگا۔ تقریب میں ڈولفن سکواڈ کے جوانوں نے اپنے مخصوص انداز میں مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی اور بعدازاں شہر میںڈولفن سکواڈ نے فلیگ مارچ کیا۔