حیسکو انتظامیہ کی45 اسسٹنٹ لائن مین اور لائن مین کے رویوں کی بنیاد پر حفاظت کے عنوان سے دوروزہ تربیت مکمل

پیر 23 اکتوبر 2017 20:50

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) حیسکو انتظامیہ کی جانب سی45 اسسٹنٹ لائن مین اور لائن مین کے رویوں کی بنیاد پر حفاظت کے عنوان سے دوروزہ تربیت مکمل ہوگئی جس میں لائن اسٹاف کو تربیت دی گئی اور تربیت پانے والے ملازمین کو اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پرمہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو رحم علی اوٹھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دودن تربیتی کیمپ صرف اور صرف آپ کے لئے رکھا گیا ہے کیونکہ لائن سٹاف ادارے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، تربیت زندگی کے ہر کام کیلئے بہت ضروری ہے لائن سٹاف ہمارے ادارے کا اثاثہ ہیں، آپ کی جان آپ کے خاندان اور ادارے کے لئے بہت قیمتی ہے اس لئے سیفٹی اصولوں پر عملدرآمد کرنا ہی خود کو محفوظ رکھنا ہے ،اس لئے جو کچھ آپ کو یہاں سکھایا گیا ہے اس پر فیلڈ میں مکمل عمل کرتے ہوئے کام کریں پہلے یقین کرلیں کہ سیفٹی مکمل ہے پھر کا م کریں، کیونکہ جان ہے تو جہان ہے جس سے آپ کی نیک نامی اور ادارہ کی ترقی ممکن ہوسکے گی۔

(جاری ہے)

قائد مزدور یونین عبداللطیف نظامانی نے کہا کہ اس تربیت سے آپ کا حوصلہ بلند ہوگا، سیفٹی کے اصولوں کی پاسداری ہم سب کی ذمہ داری ہے ، بلخصوص لائن اسٹاف کی جو فیلڈ میں کام کرتے ہیں،ایک فرد محفوظ تو پورا خاندان محفوظ رہے گا۔ تقریب میں حیسکو چیف کے علاوہ ایڈیشنل چیف انجینئر محمد اکبر درانی، ایگزیکٹو انجینئرآپریشن ڈویژن گاڑی کھاتہ گلزار احمد دستی، ڈپٹی ڈائریکٹر سیفٹی عبدالستار سوہو اور سی بی اے کے قائد مزدور کے علاوہ اقبال قائمخانی بھی موجود تھے آخر میں حیسکو چیف نے تمام ٹرینی لائن مین سپرنٹنڈنٹ کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔