Live Updates

ْآج اس ترقی کے دور میں خواتین کے بغیر کوئی بھی ملک اور قوم ترقی نہیں کر سکتی ، عمران خان

پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے خواتین کو پاکستانی سیاست میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تحریک انصاف خواتین کے حقوق کیلئے خصوصی منشور تیار کررہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

پیر 23 اکتوبر 2017 20:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج اس ترقی کے دور میں خواتین کے بغیر کوئی بھی ملک اور قوم ترقی نہیں کر سکتی ۔ پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے خواتین کو پاکستانی سیاست میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ تحریک انصاف خواتین کے حقوق کیلئے ایک خصوصی منشور تیار کررہی ہے اور انشا اللہ جب تحریک انصاف اقتدار میں ہوگی تو پاکستان کے ہر شعبے میں پاکستانی خواتین کو ایک نمایاں مقام دیں گے۔

عمران خان یہ بات تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے شعبہ خواتین کے کنوشن سے آرٹس کونسل کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر خواتین کنونشن سے صائمہ ندیم، سادیہ آغا اور دیگر خواتین رہنماں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام خواتین تحریک انصاف کے نظریہ اور پیغام کو دیگر خواتین تک پہنچائیں اور خواتین کی ممبر سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد میں خواتین کا کلیدی کردار رہا ہے۔ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف تحریک ہو یا اسلام آباد کا دھرنہ ہو یا پھر نواز شریف کی کرپشن کے خلاف سیاسی جدوجہد ہوخواتین نے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔ کوئی بھی تحریک ، کوئی سیاسی جماعت جس میں خواتین کی جدوجہد شامل نہ ہو وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات