Live Updates

حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے قومی ادارے تباہی کا شکار ہوگئے ہیں ، عمران خان

پی آئی اے ایک قومی ادارہ تھا جو دنیا کی ٹاپ ایئر لائنوں میں شامل تھا اس کو بھی کھوکھلا کردیا گیا حکمران جان بوجھ کر اپنے کاروباری پارٹنرکے ذریعے ان قومی اداروں کو اونے پونے داموں بیچنا چاہتے ہیں، کے پی ٹی یونین کے دفتر میں ملازمین سے خطاب

پیر 23 اکتوبر 2017 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے قومی ادارے تباہی کا شکار ہوگئے ہیں ،پی آئی اے ایک قومی ادارہ تھا جو دنیا کی ٹاپ ایئر لائنوں میں شامل تھا اس کو کھوکھلا کردیا گیا، اسٹیل ملز بھی کرپشن کی نذرہوگئی ہے،تمام قومی ادارے ترقی کے بجائے پستی کی طرف چلے گئے ہیں ۔

یہ باتیں چیئرمین پی ٹی آئی نے کے پی ٹی کی یونین کے دفتر کے دورے کے موقع پر کے پی ٹی کے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر کے پی ٹی کی یونین سی بی اے کے جنرل سیکریٹری ارشد انورنے مزدوروں کے مسائل پر اور کے پی ٹی کے ادارے کے مستقبل پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ آج قومی اداروں کے ملازمین اور مزدور انتہائی مشکل حالات میں زندگی بسر کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

حکمران جان بوجھ کر اپنے کاروباری پارٹنرکے ذریعے قومی اداروں کو اونے پونے داموں بیچنا چاہتے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے مک مکے کی سیاست نے مزدوروں سے آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے۔ یہ مزدوروں کے نام پر صرف سیاست کر رہے ہیں ۔ مزدوروں کے حقوق سے انہیں کوئی سروکار نہیں ۔ انشا اللہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کامیاب ہوگی اور تحریک انصاف کسی بھی صورت ان قومی اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے اور مزدوروں کے لئے ایک مضبوط اور منظم پالیسی ترتیب دیں گے جس سے انہیں معاشی خوشحالی ملے گی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات