کسی جگہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی، باسط زمان

نیٹ میٹرنگ نظام پر تیزی سے کام جاری ہے،چیف ایگزیکٹو آئیسکو

پیر 23 اکتوبر 2017 20:31

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) چیف ایگزیکٹو آئیسکو باسط زمان نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور کسی بھی جگہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی، روات انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کی ٹرپنگ کی وجہ اضافی لوڈ ہے،نئے کمرشل میٹرز بھی جاری کیے جا رہے ہیں،صارفین روشنی ایس ایم ایس کی سروس حاصل کر کے ضروری مرمت اور اپ ڈیٹس کے لیے فوری معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار آئیسکو چیف نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہد لطیف خان سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روات فیڈر پر لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے شکایا ت دور کی جا رہی ہیں ٹرپنگ کی شکایا ت بہت کم ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

راولپنڈی کے پرانے بازاروں اور مارکیٹوں صدر اور راجہ بازار میں خستہ اور پرانی بجلی کی تاروں کی تبدیلی کا ایک جامع پروگرام موجود ہے مرحلہ وار تمام پرانی تاریں تبدیل کی جائیں گی گرین انرجی کے فروغ کے لیے نیٹ میٹرنگ کے نظام پر کام تیزی سے جاری ہے یہ سہولت گھریلو اور صنعتی صارفین دونوں کے لیے ہے اس موقع پر اپنے خطاب میںصدر زاہد لطیف خان نے کہا کہ نئے فیڈر کی تنصیب جلد سے جلد کی جائے تاکہ ٹرپنگ پر قابو پایا جا سکے اوپن وائرنگ کا مسلہ بھی فوری حل کیا جائے سمارٹ اور ماحول دوست انرجی کے لیے صارفین کو مراعات دی جائیں ٹرانسمشن لائنز کو بہتر بنایا جائے اور لوڈ منیجمنٹ کے لیے فیڈرز علیحدہ کیے جائیں تاکہ گھریلو صارفین کو ریلیف ملے اس موقع پرسینئر نائب صدر محمد ناصر مرزا، نائب صدر خالد فاروق قاضی،گروپ لیڈر سہیل الطاف، سابق صدور، مجلس عاملہ کے اراکین ، انجمن تاجران کے نمائندے اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔