نواز شریف کے وژن اور وزیراعظم کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے،

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کا درکن دھمتوڑ کے مقام پر لوئر گلیات کو گیس فراہمی کی تقریب سے خطاب

پیر 23 اکتوبر 2017 20:31

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے، 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے تعاون سے وفاق اور خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں میں اپنی حکومتیں بنائے گی، دھرنا خان کی صوبائی حکومت نے صوبہ کے عوام کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے، وفاقی حکومت نے لوئر گلیات کو گیس فراہمی کیلئے محکمہ سوئی گیس کو 59 کروڑ روپے جبکہ صوبائی حکومت کو 7 کروڑ روپے ادا کر دیئے ہیں، دسمبر تک مین پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل اور گیس کی فراہمی بھی شروع ہو جائے گی، منصوبہ سے لوئر گلیات کی 6 یونین کونسلز کے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے، گیس کی فراہمی سے اربوں روپے مالیتی جنگلات کی کٹائی بھی ختم ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

وہ سوموار کو درکن دھمتوڑ کے مقام پر لوئر گلیات کوگیس فراہمی کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تحصیل نائب ناظم ایبٹ آباد سردار شجاع احمد اور بلدیاتی نمائندوں نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلیات میں بجلی و دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے، آئندہ انتخابات میں کارکردگی کی بنیاد پر لوگوں کے پاس ووٹ کے حصول کیلئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت اعلان کردہ منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کیلئے اپنی بھرپور توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے، لوئر گلیات میں پائپ لائن کی تنصیب کا کام شروع ہو چکا ہے جو دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا، بفضل تعالیٰ دسمبر میں لوئر گلیات کی چھ یونین کونسلوں سربھنہ، پھلکوٹ، بیرن گلی، بگنوتر اور باغ کے ہزاروں عوام اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ گیس فراہمی سے نہ صرف علاقہ میں معاشرتی انقلاب برپا ہو گا بلکہ عوام کا معیار زندگی بلند ہونے کے ساتھ ساتھ اربوں روپے کے قیمتی جنگلات کو تحفظ فراہم ہو گا، گیس منصوبہ کی تکمیل کیلئے مرکزی حکومت نے فنڈز فراہم کر دیئے ہیں جس کے تحت محکمہ سوئی گیس کو 59 کروڑ جبکہ صوبائی حکومت کو 7 کروڑ کی ادائیگیاں کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں بجلی سپلائی سمیت ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے، علاقہ بھر میں نہ صرف نئی واپڈا لائنیں ڈالی جا رہی ہیں بلکہ کم وولٹیج کے خاتمہ کیلئے ٹرانسفارمر بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ انتخابات 2018ء میں کارکردگی کی بنیاد پر حصہ لیں گے اور صوبہ خیبر پختونخوا سمیت مرکز اور تمام صوبوں میں حکومت بنائیں گے۔