کراچی کو اس کا نام نہاد مینڈیٹ رکھنے والوں نے تباہ کیا ہے،آصف حسنین

میئر کراچی کے دوغلے رویے سے نقصان کراچی کے محب وطن پاکستانیوں کا ہو رہا ہے، صدر پاک سر زمین پارٹی کراچی ڈویژن

پیر 23 اکتوبر 2017 20:30

․ کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) کراچی کو اس کا نام نہاد مینڈیٹ رکھنے والوں نے تباہ کیا ہے۔میئر کراچی کا یہ عندیہ دینا کہ فٹ پاتھ پر رکھے جنریٹرز، لینڈ کنٹرول، چارج پارکنگ اور سائن بورڈز وغیرہ کا چالان کرنا صرف کے ایم سی کی ذمہ داری ہو گی اور ڈی ایم سیز کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہو گا بذاتِ خود کرپشن کی ایک مثال ہے جبکہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2013 کے تحت یہ ڈی ایم سیز کا دائرہ اختیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے کراچی ڈویژن کے صدر آصف حسین نے پاکستان ہاؤس میں لیبر فڈریشن کے کے ایم سی (KMC) اور ڈی ایم سیز کے ذمہ داران سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی ایک طرف سندھ حکومت سے اپنے لیے اختیارات اور وسائل کا مطالبہ کرتے ہوئے سندھ حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہیں جبکہ دوسری جانب ڈی ایم سیز کے اختیارات اور وسائل پر قبضہ کر کے وہی عمل دوہرا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کے اس اقدام سے ڈی ایم سیز اور یونینز کی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ اس اقدام سے ان کا ریوینیو اور علاقائی سطح کے کام شدید متاثر ہونگے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس قسم کے تمام اقدامات کو فی الفور روکا جائے جن سے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور عوام کو مزید نقصان ہوگا۔ آصف حسنین نے کہا کہ میئر کراچی کے اس دوغلے رویے سے نقصان کراچی کے محب وطن پاکستانیوں کا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے بغیر عوامی مسائل حل نہیں کیئے جا سکتے۔

متعلقہ عنوان :