میئر کراچی کے محکمہ فائربریگیڈ کیلئے مختص رقم سے آنیوالے فائر ٹینڈرز ،مشینری کو فائر بریگیڈ فلیٹ میں شامل کرنے کیلئے ورکشاپس بنانے کے احکامات

پیر 23 اکتوبر 2017 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کراچی پیکیج میں محکمہ فائربریگیڈ کے لئے مختص رقم سے آنے والے فائر ٹینڈرز اور مشینری کو فائر بریگیڈ فلیٹ میں شامل کرنے ، ان کی دیکھ بھال اور مرمت کے لئے فائر بریگیڈ کے میکینیکل اور الیکٹریکل شعبے کو تین زون میں تقسیم کرنے اور گاڑیوں کی دیکھ بھال اور مرمت کے لئے تین ورکشاپس بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ ایک میکنیکل انجینئر کو بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،یہ احکامات پیر کے روز محکمہ فائربریگیڈ سے متعلق ایک اجلاس میں جاری کئے گئے ، میئر کراچی ایڈوائزر فرحت خان، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ڈائریکٹر فائربریگیڈ سید تسنیم احمد، ڈائریکٹر ٹیکنیکل میئر سیکریٹریٹ ایس ایم شکیب اور تمام فائر اسٹیشنوں کے الیکٹریکل اور میکنیکل سے متعلق افسران و ملازمین نے شرکت کی، میئر کراچی نے کہا کہ محکمہ فائربریگیڈ ایک انتہائی حساس اور اہم شعبہ ہے اور براہ راست شہریوں کے جان و مال کی حفاظت پر مامور ہے، اس لئے یہ شعبہ ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپس لانڈھی فائراسٹیشن ، سہراب گوٹھ فائر اسٹیشن اور سینٹرل فائر اسٹیشن میں قائم کی جائیں گی ، لانڈھی فائر اسٹیشن میں قائم ورکشاپ ضلع ملیر اور ضلع کورنگی ، سہراب گوٹھ میں قائم ورکشاپ ضلع وسطی اور شرقی اور سینٹرل فائر اسٹیشن میں قائم ورکشاپ ضلع جنوبی اور غربی کے فائر اسٹیشنوں کی گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال کی ذمہ دار ہوں گی، انہوں نے کہا کہ ہر فائر ٹینڈر کے ساتھ ڈرائیور، فائرمینوںکے علاوہ ایک تکنیکی مہارت رکھنے والا ملازم بھی شامل ہوگا جو اس کی دیکھ بھال کا ذمہ دار ہوگا اور تمام گاڑیاں ماضی کی طرح کے ایم سی کی ورکشاپس میں ہی درست کی جائیں گی جس سے کے ایم سی کو کروڑوں روپے کی بچت ہوگی، انہوں نے کہاکہ جلد ہی کراچی پیکیج کے تحت فائر بریگیڈ کو جدید آلات سے لیس نئے فائر ٹینڈر فراہم کئے جائیں گے اور ان فائرٹینڈر اور اسنارکل کے فلیٹ میں شامل ہونے سے محکمہ فائر بریگیڈ کی کارکردگی میں نہ صرف اضافہ ہوگا بلکہ یہ جدید گاڑیاں اور مشینری شہر کی ضروریات بھی پوری کرسکیں گی، میئر کراچی نے کہا کہ قبل از وقت اجلاس کا مقصد نئے فائر ٹینڈرز اور مشینری آنے سے قبل عملے اور ورکشاپس کو فعال کرنا ہے جبکہ الیکٹریکل اور میکنیکل اسٹاف کو جدید تیکنیکی تربیت بھی فراہم کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ جو لوگ محنت ، لگن اور ایمانداری سے کام کریں گے انہیں اگلے گریڈ میں ترقی دی جائے گی، میئر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ فائربریگیڈ میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو وہ انتہائی اہمیت دیتے ہیں کیونکہ وہ اپنی جانوں پر کھیل کر دوسروں کی جان و املاک کو بچاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ان ملازمین کی ہیلتھ انشورنس ، لائف انشورنس اور ان کے بچوں کی تعلیم بعد از مرگ بچوں کی کفالت کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے،میئر کراچی نے کہا کہ فائربریگیڈ کے ملازمین کے لئے بہت کچھ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات کے ساتھ مالی فوائد بھی حاصل ہوں ، انہوں نے تمام اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تجربے اور لیاقت سے محکمہ فائربریگیڈ کو بہتر کریں ،فعال بنائیں اور اس محکمے کو شہریوں کی امیدوں پر پورا اترنے کے قابل بنائیں، انہوں نے کہا کہ ملازمین کی فزیکل ویری فیکشن کا عمل جاری ہے اور ایسے ملازمین کو فائر رسک الائونس نہیں دیا جائے گا جو ڈیوٹی کے اوقات کار کی پابندی نہیں کرے گا اور اگر کوئی ملازم طویل عرصے سے غیر حاضر ہے اسے قانونی کارروائی پوری کرتے ہوئے ملازمت سے برخاست کردیا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ تمام فائر اسٹیشنوں کے اسٹیشن آفیسرز کے تبادلے کردیئے گئے ہیں جس کے بہتر نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، اب یہی عمل تمام محکمہ فائر بریگیڈ کے تمام ملازمین کے ساتھ دہرایا جائے گا تاکہ فائر بریگیڈ اسٹیشنوں سے بعض ملازمین کی جانب سے قائم کی گئی اجارہ داری کو ختم کیا جاسکے، اس موقع پر محکمہ فائربریگیڈ کے میکینیکل اور الیکٹریکل شعبے سے وابستہ ملازمین نے میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے براہ راست ان سے میٹنگ کی ان کے مسائل کو ہمدردی سے سنا اور فوری فیصلے کئے، ملازمین نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ نچلی سطح کے ملازمین کے ساتھ براہ راست میئر کراچی نے اجلاس منعقد کیا، انہوں نے یقین دلایا کہ وہ میئر کراچی کے ساتھ ہیں اور محکمہ فائربریگیڈ کی بہتری کے لئے میئر کراچی کی کوششوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

متعلقہ عنوان :