پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی چھٹی برسی پیپلز سیکریٹریٹ میں منائی گئی

نصرت بھٹو نے بطور خاتون پاکستان بھر میں پارٹی کارکنان کو متحرک اور ضیا آمریت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کلیدی رول ادا کیا، راشدربانی

پیر 23 اکتوبر 2017 20:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی چھٹی برسی پیپلز سیکریٹریٹ میں منائی گئی۔ اس موقع پر مرحومہ کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کی گئی ۔ اس موقع پرپی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی، سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی، نعمان شیخ، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری ایم پی اے سعید غنی، ایم پی اے شہلا رضا، راجہ عبدالرزاق،مرزا مقبول، سردار خان، ذوالفقار قائم خانی، شکیل چوہدری، عابد ستی، لطیف آرائیں، ایم این اے شاہدہ رحمانی، ایم پی اے شاہینہ شیر علی، شاہینہ سعیدہ، اقبال ساند،لیاقت آسکانی، خلیل ہوت، جاوید شیخ،ظفر صدیقی،چوہدری اصغر، دل محمد، بلوچ خان گبول، لالہ عبدالرحیم، ایم پی اے ساجد جوکھیو، علی احمد جان، وقاص شوکت، جانی میمن، میر عباس تالپور، آصف خان سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور خواتین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جس شخصیت کی ہم برسی منا رہے ہیں جمہوریت میں ان کا کردار نہایت اہمیت کاحامل ہے۔ انہوں نے جنرل ضیا کے سفاکانہ مارشل لا کا جس دلیری اور بہادری سے مقابلہ کیا اس کی مثال پاکستان کی سیاست میں نہیں ملتی اور بطور خاتون پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن پاکستان بھر میں پارٹی کارکنان کو متحرک اور ضیا آمریت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کلیدی رول ادا کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری ایم پی اے سعید غنی نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم جیالے اپنی ماں کی چھٹی برسی کے موقع پر ان کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بانی قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد جس طرح مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے پارٹی کی بھاگ دوڑ سنبھالی اور پارٹی کارکنوں کو یکجا رکھا یہ سب بیگم نصرت بھٹو کے مرہون منت ہیں۔

بھٹو صاحب کی حکومت کا تختہ الٹنے سے لے کر بیگم صاحبہ نے اپنی آخری سانس تک جمہوری اداروں اور جمہوریت کی بحالی کے لئے اپنا لازوال کردار ادا کیا۔ جس کی وجہ سے آج اس ملک میں جمہوریت کی بالادستی قائم ہے۔ تعزیتی ریفرنس کے آخر میں مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹواور تمام شہدائوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔