خصوصی افرادکے تین فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کیا جائے، ڈپٹی کمشنر چکوال

کسی کہ ساتھ ناانصافی نہ کی جائے، پالیسی اور میرٹ سے ہٹ کر کوئی بھرتی نہ کی جائے، اجلاس سے خطاب

پیر 23 اکتوبر 2017 20:22

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر عمر جہانگیر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی اور ہدایات کے مطابق خصوصی افرادکے تین فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کیا جائے کسی کہ ساتھ ناانصافی نہ کی جائے، پالیسی اور میرٹ سے ہٹ کر کوئی بھرتی نہ کی جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ری ڈریسل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں اے ڈی سی جی چکوال شجاع قطب بھٹی، سی ای او ایجوکیشن ، سی ای او ہیلتھ ، سپیشل ایجوکیشن کے نمائندوں،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چکوال راجہ تنویر صفدر کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے اجلاس کو خصوصی افراد کے مختلف محکموں میں بھرتی کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے سرکاری و نجی محکموں میں تین فیصد کوٹہ مقرر کر رکھا ہے۔

اس حوالے سے سرکاری شعبے میں ضلع چکوال میں محکمہ تعلیم میں خصوصی افراد کی تعداد14 ہے جن میں ایک نابینا، ایک گونگا بہرہ اور دیگر12مختلف جسمانی معذور ی میں مبتلا خصوصی افراد کام کر رہے ہیں۔ محکمہ صحت میں 12خصوصی افراد کام کر رہے ہیں جبکہ محکمہ لائیو سٹاک میں ایک خصوصی فرد کام کر رہا ہے۔ اس طرح پرائیویٹ سیکٹر میں پاک سیمنٹ فیکٹری میں 7معذور افراد کام کر رہے ہیں کوہ نور سپننگ ملزم میں14افراد کام کر رہے ہیں ، سی ٹی ایم چکوال میں17، القادر ٹیکسٹائل ملز میں10، کوہ نور سپنگ ملز میں15، بیسٹ وے سیمنٹ میں 14، ڈی جی سیمنٹ میں 7خصوصی افراد کام کر رہے ہیں۔

جس پر ڈپٹی کمشنر نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ وہ تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ ملکر خصوصی افراد کے تین فیصد کوٹہ کے حوالے سے خالی آسامیوں کی گریڈ اے سی15تک نشاندہی کی جائے اور حکومتی پالیسی کے مطابق منصفانہ طریقے سے ان پر بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جائے۔