منشیات کی لعنت سے نوجوان نسل کی زندگیاں تباہ ہو رہی ہیں، ناصر شمیم لودھی

پیر 23 اکتوبر 2017 20:22

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) مصطفائی تحریک ضلع سیالکوٹ کے راہنمائوں ناصر شمیم خاں لودھی،لالہ مبشر بٹ ایڈووکیٹ،حامد بیگ انجم لودھی اور جواد خاں لودھی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ منشیات کی لعنت سے نوجوان نسل کی زندگیاں تباہ ہو رہی ہیں ۔نشہ انسان کے شعور کو مفلوج کر دیتا ہے اور انسان کی تمام تر صلاحیتیں سلب ہو جاتی ہیں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے نجات دلانے کے لیے اپنی تمام تر توانا ئیاں بروئے کار لائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت انسان کو جہاں دیگر مسائل کا سامنا ہے وہاں منشیات کا اندھا دھند استعمال اور اس کے تباہ کن نتائج ہمارے معاشرے کے لیے ناسور کی شکل اختیار کر چکا ہے ہماری بد نصیبی کا یہ عالم ہے کہ بین الاقوامی اور تحقیقی اداروں کی رپورٹوں کے مطابق پوری دنیا کے آدھے نشئی صرف پاکستان میں رہتے ہیں اس طرح ہماری ملی پیداوار کا چالیس فیصد حصہ منشیات کی نظر ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

آخر میں انہوں نے کہاہے کہ شہر کی ہر دوسری گلی میں ہیروئن کا عادی کوئی نہ کوئی نوجوان لڑ کھڑاتا نظر آتا ہے اب تک منشیات کی لعنت سے لاکھوں گھر بر باد ہو چکے ہیں اور بین الاقوامی برادری میں ہمارا قومی تشخص مجروح ہو رہا ہے حکومت وقت کو چاہیے کہ وہ منشیات کے خاتمہ کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔

متعلقہ عنوان :