وزیراعلیٰ پرویزخٹک کی جانب سے اقرباء پروری کے خلاف تحاریک التواء اوراستحقاق جمع

پیر 23 اکتوبر 2017 20:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)وزیراعلیٰ پرویزخٹک کی جانب سے اقرباء پروری کے خلاف ن لیگ کے پارلیمانی لیڈرنے تحریک التواء اور تحریک استحقاق جمع کرادی ۔سرداراورنگزیب نلوٹھانے اپنی تحریک استحقاق میں کہاہے کہ ان کے آبائی حلقے پی کی47میں ایک غیرمنتخب شخص کو کروڑوں روپے کے فنڈزدیکر انہیں اس سے محروم رکھاگیاہے جس سے انکااستحقاق مجروح ہواہے تحریک استحقاق میں کہاگیاہے کہ غیرمنتخب شخص ان کے علاقے میں ترقیاتی کاموں کی نشاندہی کریگاحالانکہ علاقے کے عوام نے مجھے منتخب کیاہے اسی طرح انہوں نے صوبائی اسمبلی میں تحریک التواء بھی جمع کرائی ہے کہ وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے نوشہرہ اور چند اضلاع کے اراکین کو خوش کرنے کیلئے ہزارہ کے سات اضلاع کے ترقیاتی فنڈز کوہضم کیاہے 1998کی مردم شماری کے مطابق ہزارہ کی آبادی نوشہرہ سے چھ گنازیادہ ہے پورے ہزارہ ڈویژن کاترقیاتی بجٹ2.84 جبکہ خالی نوشہرہ کو2.63فیصدترقیاتی فنڈزدیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے صرف نوشہرہ اور چند مخصوص اضلاع کو خیبرپختونخواسمجھ رکھاہے فنڈزکے اس غیرمنصفانہ تقسیم سے عوام کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں اوروزیر اعلیٰ کی مالی کرپشن بے نقاب ہورہی ہے۔اسی طرح مرکزی حکومت کی جانب سے ملنے والا گیس وبجلی کی مد میں رائلٹی کوبھی نوشہرہ اور مخصوص اضلاع میں خرچ کیاجارہاہے۔