عبد اللہ عبد الدائم کے انتقال پر گورنر سندھ کا سعودی حکام سے اظہار تعزیت

پیر 23 اکتوبر 2017 20:12

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے پیر کے روز سعودی قونصل خانہ پہنچ کر سعودی حکام سے قونصل جنرل عبداللہ عبدالدائم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ جاری کردہ علامیہ کے مطابق اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک سعودیہ برادرانہ تعلقات نہ صر ف حکومتی سطح بلکہ عوامی سطح پر بھی گہرے اور مضبوط ہیں، ہر مشکل مراحل میں سعودی عرب نے پاکستان کی سفارتی اوراخلاقی حمایت کی جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان تعلقات کے استحکام کے لئے سعودی حکام با الخصوص سفارت کاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، اس ضمن میں عبداللہ عبدالدائم نے اپنی تعیناتی کے دوران ناقابل فراموش خدمات انجام دیں اور آخری دم تک دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دیتے ہوئے صوبہ باالخصوص کراچی میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے مخلصانہ کوششیں کرتے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عبداللہ عبدالدائم کے انتقال سے پاکستانیوں کو شدید صدمہ پہنچا ہے، ان کے انتقال سے پاکستان ایک ہمدرد اور مخلص بھائی سے محروم ہو گیا ہے لیکن ان کی خدمات ہمیشہ ان کی یاد دلاتی رہیں گی۔ قونصل خانہ میں رکھی گئی کتاب میں مرحوم عبداللہ عبدالدائم کے بارے میں اپنے تاثرات درج کئے اور مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔

گورنر سندھ نے اپنے تاثرات میں تحریر کیا کہ عبداللہ عبد الدائم کے انتقال سے پاکستان ایک اچھے ہمدرد اور دوست سے محروم ہو گیا، آج مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم سوگوار ہے، عبد اللہ عبد الدائم نے اپنی تعیناتی کے دوران پاک سعودی دوطرفہ تعلقات کے استحکام اور فروغ کے لئے زبردست خدمات انجام دیں، ان کی خدمات کو پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کو ان کی بے مثل خدمات پر اجر عظیم عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :