سینٹ کے رواں سیشن کیلئے پینل آف پریذائیڈنگ آفیسرز کے ناموں کا اعلان

سواتی نے مجموعہ ضابطہ فوجداری (ترمیمی) بل 2017ء، اینٹی منی لانڈرنگ (ترمیمی) بل 2017ء سمیت آٹھ بل واپس لے لئے

پیر 23 اکتوبر 2017 20:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء)سینٹ کے رواں سیشن کے لئے پینل آف پریذائیڈنگ آفیسرز کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔ پیر کو اجلاس کے آغاز پر چیئرمین سینٹ نے پینل آف پریذائیڈنگ آفیسرز کے ناموں کا اعلان کیا جن میں سینیٹر طاہر حسین مشہدی، سینیٹر جاوید عباسی اور سینیٹر ستارہ ایاز شامل ہیں جو چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی عدم موجودگی میں اجلاس کی صدارت کریں گے۔

اجلاس کے دور ان سینیٹ میں پاکستان بیت المال (ترمیمی) بل 2017ء سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کر دی گئی۔ اجلاس دوران سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے رپورٹ ایوان میں پیش کی۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینٹ نے مفادات کے تصادم کی روک تھام و انصرام کا بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سینیٹر مرتضیٰ وہاب اور مختار دھامرہ نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی۔ جس کے بعد چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔ اجلاس کے دور ان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے مجموعہ ضابطہ فوجداری (ترمیمی) بل 2017ء، تحفظ صارفین اسلام آباد (ترمیمی) بل 2017ء، اینٹی منی لانڈرنگ (ترمیمی) بل 2017ء، ہتک عزت (ترمیمی) بل 2017ء سمیت آٹھ بل واپس لے لئے۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران انہوں نے تحریک پیش کی کہ انہیں یہ بل واپس لینے کی اجازت دی جائے۔ ایوان نے تحریک کی منظوری دیدی جس کے بعد محرک نے اپنے بل واپس لے لئے۔