پشاور ،کوہاٹ چھائونی پولیس نے کمسن بچے کو گلہ کاٹ کر زخمی کرنیوالے سفاک ملزم کو گرفتا ر کر لیا

پیر 23 اکتوبر 2017 19:52

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) کوہاٹ چھائونی پولیس نے کمسن بچے کو گلہ کاٹ کر زخمی کرنیوالے سفاک ملزم کو گرفتار کرلیا ۔مبینہ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونیوالی چھری بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ڈی ایس پی سٹی رضا محمد خان نے بہزادی چکر کوٹ میں گزشتہ روز رونما ہونیوالے واقعے کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مقامی باشندے جاوید خان کے چھ سالہ کمسن بچے کو گھر کے قریب گلے پر چھری پھیر کرزخمی کردیا گیا جسے لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال لایا گیا جہاں سے انہیں بعد ازاں پشاور منتقل کرکے ہسپتال داخل کرادیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کی ابتدائی رپورٹ تھانہ چھائونی میں نامعلوم ملزما ن کے خلاف درج کرلی گئی اور ایس ایچ او تھانہ چھائونی انسپکٹر محمد علی کو واقعے میں ملوث ملزم کا سراغ لگا کر فوری گرفتاری عمل میں لانے کا ٹاسک سونپ دیا گیااور اس حوالے سے ایس ایچ او کی سربراہی میں پولیس کی کھوجی ٹیم بھی تشکیل دی گئی جس نے جدید ٹیکنالوجی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے واردات میںملوث ملزم کا سراغ لگا کر انہیں چھاپہ مار کاروائی میں گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی نے بتایا کہ واقعے میں ملوث زیرحراست ملزم محمد یوسف ساکن بہزادی چکر کوٹ کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونیوالی چھری بھی برآمد کرکے قبضے میں لی گئی ہے اور انہیں ضرر کے اس مقدمے میں باقاعدہ طور پر نامزد کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ میں بچے کو گلہ کاٹ کر زخمی کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے جن سے اس بارے میںمزید تفتیش جاری ہے تاہم فوری طور پر وجہ عداوت معلوم نہ ہوسکی

متعلقہ عنوان :