صوبائی حکومت عوام کے حقوق کے حصول میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ، حیات شیر پائو

اب مختلف حیلوں بہانوں کے ذریعے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، ملک کو صحیح اور مستحکم وفاق کے طور پر چلانے کیلئے ضروری ہے کہ چھوٹے صوبوں اور پختونوں کی محرومیوں کے ازالہ کے ساتھ ساتھ ان کو اپنے وسائل پرمکمل اختیار دیاجائے ،پارٹی ورکروں سے خطاب

پیر 23 اکتوبر 2017 19:52

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت صوبے اور عوام کے حقوق کے حصول میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور اب مختلف حیلوں بہانوں کے ذریعے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کورپشاور میںقومی وطن پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پارٹی کے آنے والے یوم تاسیس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کے اس اہم ایونٹ میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ صوبہ کے عوام کو کھوکھلے نعروں کی سیاست سے کوئی سروکار نہیں کیونکہ وہ جھوٹے وعدوں سے اکتا چکے ہیں اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی خراب طرز حکمرانی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ وفاقی حکومت کے ذمے واجب الادا بجلی کے خالص منافع کی مد میں بقایاجات کا ایک پیسہ بھی رواں مالی سال وصول نہیں کیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے صحت اور تعلیم ایمرجنسی کو محض ایک نعرہ قرار دیا اور کہا کہ ان شعبوں میں کوئی بہتری نہیں لائی جا سکی۔انھوں نے کہا کہ ملک کو صحیح اور مستحکم وفاق کے طور پر چلانے کیلئے ضروری ہے کہ چھوٹے صوبوں اور پختونوں کی محرومیوں کے ازالہ کے ساتھ ساتھ ان کو اپنے وسائل پرمکمل اختیار دیاجائے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی یکجہتی اور وسائل پر مکمل اختیار چاہتی ہے اور اس ضمن میں ہر فورم پر جدوجہد کی جائے گی۔

۔انھوں نے تمام پارٹی ورکروں پر زور دیا کہ یوم تاسیس میں شرکت اور پارٹی پروگرام کو گھر گھر پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاکر پختون قوم کو متحد کرنے کیلئے جدوجہد کرے تاکہ اس مشکل دور میں خطے میں امن کے قیام ،ترقی اور خوشحالی کیلئے راہ ہموار ہو سکے۔