وزیر اعلی خیبر پختونخواہ کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس، ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا

صوبائی حکومت عوام کو مقامی سطح پر علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے وسائل خرچ کر رہی ہے، پرویز خٹک صحت کے شعبے میں عوامی فلاح کی سکیموں کی بروقت اور معیاری تکمیل ناگزیر ہے تاکہ علاج معالجے سے متعلق عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ ممکن ہو سکے، اجلاس سے خطاب وزیر اعلی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ میں مشینری اور ڈاکٹرز کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کر دی

پیر 23 اکتوبر 2017 19:52

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوار ٹر ہسپتال ہنگو میں بجلی ، پانی اور سبززار سمیت تمام ضروریات آئندہ دوہفتوں کے اندر مکمل کرنے جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ میں مشینری اور ڈاکٹرز کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوںنے عندیہ دیا کہ وہ نومبر کے شروع میں ہنگو ہسپتال کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔

اُس سے پہلے تمام ضروریات پوری ہونی چاہئیں۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ صوبائی وزیر امتیاز شاہد قریشی، مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب ،متعلقہ اراکین صوبائی اسمبلی اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ہنگو ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ کے مسائل اور لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ہنگو ہسپتال میں بجلی کی فراہمی ، پانی کا بندوبست کرنے ، گرائونڈ کو لیول کرکے سبزہ اُگانے سمیت دیگر ضروریات فوری طور پر پوری کرنے کی ہدایت کی ۔انہوںنے ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ میں مطلوبہ ڈاکٹرز اور آلات کی بلا تاخیر فراہمی کیلئے متعلقہ حکام کو آئندہ جمعہ تک باہمی مشاورت سے حتمی پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے ایل ایم ایچ کوہاٹ کی تعمیر کیلئے ٹینڈر جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے وسائل کا بندوبست یقینی بنائے گی۔

انہوںنے چارسدہ ہسپتال کے افتتاح کیلئے پروگرام ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت عوام کو مقامی سطح پر علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے وسائل خرچ کر رہی ہے۔صحت کے شعبے میں عوامی فلاح کی سکیموں کی بروقت اور معیاری تکمیل ناگزیر ہے تاکہ علاج معالجے سے متعلق عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :