حکومت کسی بھی قیمت پر بھارت سے سبزیاں نہیں منگوائے گی ، مہنگائی مافیا چاہتا ہے بھارت کے ساتھ تجارت کھولی جائے یہ کبھی نہیں ہو سکتا، شیخ علائوالدین

پیر 23 اکتوبر 2017 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اکتوبر2017ء) حکومت کسی بھی قیمت پر بھارت سے سبزیاں نہیں منگوائے گی جبکہ مہنگائی مافیا یہ چاہتا ہے کہ بھارت کے ساتھ تجارت کھولی جائے یہ کبھی نہیں ہو سکتا، کے پی کے میں ٹماٹر پیدا ہوتا ہے جو پنجاب کے خرید کر کے پی کے کو نقصان سے بچا لیا ہے، جس کے بعد ٹماٹر اور پیاز کی قیمتیں کافی نیچے آ گئی ہیں، یہ بات پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیر صنعت و تجارت شیخ علائوالدین نے کہی، جس پر اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ اپوزیشن نے کبھی بھی بھارت کے ساتھ تجارت کی بات نہیں کی جس پر ایوان مچھلی منڈی بن گیا اور اسمبلی کے رکن خرم شیخ کی طرف سے کورم کی نشاندہی پر حکومت کورم مکمل نہ کر سکی، پنجاب اسمبلی کا اجلاس حسب معمول ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت شروع ہوا، اسمبلی کے ایجنڈے پر محکمہ آبپاشی، صنعت و تجارت کی اور زکوة و عشر سے متعلق سوالات کے جوابات صوبائی وزیر امانت اللہ شادی خیل، شیخ علائوالدین اور نغمہ مشتاق نے دیئے، وقفہ سوالات میں ایک ضمنی سوال پر طارق محمود نے کہا کہ گجرات بھائو ڈرین کی سٹون پیچنگ کے لئے مسلسل رقم رکھی گئی لیکن ہر سال رقم بھی بڑھائی جاتی رہی لیکن اس منصوبے پر 5 فیصد بھی کام مکمل نہیں ہو سکا جبکہ محکمہ کا کہنا ہے کہ 75 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، میری درخواست ہے کہ کیس کو نیب کے سپرد کیا جائے اور اس پر کمیٹی بھی بنائی جائے اس کے بعد سپیکر نے سوال کمیٹی کے سپرد کر دیا، وزیر زکوة و عشر کسی بھی سوال کا جواب دینے سے قاصر رہی ، انہوں نے ملک ارشد کے ضمنی سوال پر کہا کہ آپ مجھے کنفیوژ کر رہے ہیں ایک ایک سے زیادہ ضمنی سوال پر بات نہیں کروں گی، جس پر نوٹس لینے کی بجائے ایوان نے معاملہ قہقہوں کی نذر کر دیا گیا، پوائنٹ آف آرڈر پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت شیخ علائوالدین نے کہا کہ گزشتہ جمعہ کے دن مجھ سے کتے بلیوں کی بات منسوب کی گئی جس کو میڈیا میں اس کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، میں نے ایسی بات نہیں کی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مافیا کے لوگ مجھے ملسلسل دبائو میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بھارت کے ساتھ دوستی کی جائے لیکن ہم نے ٹماٹرکے پی پی کے سے منگوایا، بھارت سے نہیں، مجھے اپنی وزارت کی پرواہ نہیں ہم ہرگز بھارت سے سبزیاں نہیں منگوائیں گے، جس پر اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا کہ جب بھی ہم کسی مسئلہ پر بات کرتے ہیں تو آپ کے پی کے کو زیر بحث لے آتے ہیں، دس سال سے اب مہنگائی کئی گنا بڑھ چکی ہے، جس کے ہاتھوں لوگوں کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں آپ کے وزرا کہتے ہیں کہ ان کی حکومت کی تعریف کی جائے، آپ تو بھارت سے دوستی کو بڑھانا چاہتے ہیں اس پر ایوان مچھلی منڈی بن گیا اور خرم شیخ نے کورم کی نشاندہی کر دی، گنتی کرنے پر کورم پورا نہ نکلا تو سپیکر نے اجلاس آج صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا۔

متعلقہ عنوان :