دھان کے کاشتکار مڈھوں کی تلفی کے لئے انہیں آگ لگانے سے گریزکریں،زرعی ماہرین

پیر 23 اکتوبر 2017 21:33

ملتان۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ دھان کے کاشتکار مڈھوں کی تلفی کے لئے انہیں آگ لگانے سے گریزکریں۔ اس اقدام سے زمین کی بالائی سطح پر موجود نامیاتی مادہ کو درجہ حرارت بڑھنے سے ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے اور زمین کی زرخیزی متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین نے مزید کہا کہ مڈھوں کی تلفی کے لئے گہرا ہل چلائیں اور دھان کے کاشتکار روٹا ویٹر یاڈسک ہیرو کے استعمال سے دھان کے مڈھوں کو زمین میں ملائیں جس سے زمین کی زرخیزی بڑھتی ہے۔

مڈھوں کو آگ لگانے سے نہ صرف زمین کی زرخیزی متاثر ہوتی ہے بلکہ فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتاہے اور آگ لگانے سے فضا میں یہ دھواں سموگ کی شکل اختیار کرلیتا ہے جو ٹریفک حادثات اور انسانی زندگیوں کے ضیا ع کا باعث بنتا ہے اور فضائی آلودگی میں اضافہ سے کئی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں۔