اوورسیز پاکستانیوں کی اب تک موصول شکایات میں سی50 فیصد حل کی جاچکی ہیں،افضال بھٹی

پیر 23 اکتوبر 2017 21:31

ملتان۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات کر رہا ہے۔ اب تک موصول ہونے والی شکایات میں سے 50 فیصد کا ازالہ کر لیا گیا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو اوور سیز پاکستانیوں کے لیے مخصوص عدالتوں کے قیام کیلئے حکم نامے بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار کمشنراوپی سی افضال بھٹی نے کمشنرملتان ڈویژن آفس میں بیرون مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ افضال بھٹی نے ملتان ڈویژن میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کی شرح کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمشنر ملتان بلال احمد بٹ کی قیادت میں اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے کی گئی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضلعی کمیٹیاں بنائی گئیں ہیں، ان کمیٹیوں کا اجلاس ہر پندرہ دن بعد ہونا لازمی ہے تاکہ شکایات کا ازالہ فوری ممکن ہو سکے۔ اس موقع پر کمشنر ملتان بلال احمد بٹ نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی حق تلفی ہرگز نہیں ہونے دی جائیگی۔ کمیشن میں شکایت کا اندراج دراصل سمندر پار پاکستانی بھائیوں کا کمیشن پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ملتان ڈویژن کے 322 کیسوں میں 80 فیصد سے زائد کیسز حل کر لیے گئے ہیں جبکہ 71 کیسز کو بھی جلد حل کر لیا جائے گا۔ممبر صوبائی اسمبلی محمد علی کھوکھر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا دل اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ اوور سیز کمیشن کا قیام وزیر اعلیٰ پنجاب کی سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کے فوری حل کیلئے شاندار کوشش ہے۔

انتظامیہ اور پولیس مل کر وزیر اعلیٰ پنجاب کی کوشش کو حقیقی معنوں میں کامیابی سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل اوپی سی، سید جاوید اقبال بخاری نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی اربوں روپے مالیت کی 6 ہزار کنال سے زائد اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرا لی گئی ہے۔ جبکہ پرائیویٹ ہائوسنگ سکیم کے 60 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 170 گھروں اور پلاٹوں کا قبضہ بھی اوور سیز پاکستانیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی پولیس آغا یوسف نے بتایا کہ لاہور ،گوجرانوالہ، راولپنڈی ڈویژن میں اوور سیز پاکستانیوں کے لئے الگ سہولت مراکز کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے۔ قبضہ و لینڈ مافیا سے چھٹکارہ، اغوا برائے تاوان، خاندانی جھگڑوں، ٹریول ایجنٹس اور کاروباری شراکت سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے پولیس اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔اجلاس میں آر پی او ملتان محمد ادریس، ڈائریکٹر ریونیو عشرت اللہ خان نیازی، سی پی او ملتان محمد سلیم، ڈپٹی کمشنر خانیوال مظفر سیال، ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی، ڈی پی او خانیوال زاہد نواز، ڈی پی او وہاڑی عمر سعید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر زبارک اللہ، زاہد اکرم، اسسٹنٹ کمشنر مسعود احمد بخاری اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔