ریٹرن کے نئے آن لائن سسٹم کی وجہ سے گوشوارے جمع کرانے میںتقریباً چارگنااضافہ ہوا ہے،خواجہ عدنان

پیر 23 اکتوبر 2017 21:31

ملتان۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)ممبر آئی ٹی ایف (ایف بی آر)خواجہ عدنان نے کہا ہے کہ ریٹرن کے نئے آن لائن سسٹم کی بدولت گزشتہ سال کے مقابلے میں آج تک گوشوارے جمع کرانے میں تقریباًچارگنا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ ریجنل ٹیکس آفس (آرٹی او)ملتان کے دورے کے موقع پر پیر کویہاں آرٹی اوافسران وٹیکس بارایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 2016ء میں 23اکتوبر تک ایک لاکھ 60ہزارگوشوارے جمع ہوئے تھے جبکہ ہمارے نئے آئرس سسٹم کی بدولت اب23اکتوبر 2017ء تک چارلاکھ سے زائد گوشوارے جمع کرائے جاچکے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پہلے والے سسٹم میں خرابیاں اور شکایات سامنے آئی تھیں تاہم اب 99.9فیصد درستگی اور آسانی کے ساتھ ریٹرن جمع کر ائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

خواجہ عدنان نے کہاکہ 31اکتوبر گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے ہم مختلف اداروں خاص طورپر بڑے تعلیمی اداروں اوراکائونٹس اینڈ منیجمنٹ کی تعلیم دینے والے اداروں میں جاکر ٹیکس ادائیگی، اس کی اہمیت اور افراد کی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہی دے رہے ہیں۔

ہماراملک ترقی کے مراحل میں ہے۔ہم سب کافرض ہے کہ بروقت ٹیکس دیں اور ٹیکس افسران واہلکاران کافرض ہے کہ وہ ٹیکس دہندگان کوسہولیات فراہم کریں۔ اس موقع پر چیف کمشنران لینڈ ریونیو ملتان عاصم احمد ،ٹیکس بارایسوسی ایشن کے صدرشبیر فخرالدین ودیگر نے ان سے عوامی مسائل اور ٹیکس گوشواروں کی وصولی اور دیگر متعلقہ معاملات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔خواجہ عدنان ایک روزہ دورے کے بعد رات گئے فیصل روانہ ہوگئے۔