قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ختم نبوت کے مسئلہ پر ن لیگ کی حمایت کرنے والے آج قوم کو جھوٹ بول کر اپنی صفائیاں پیش کررہے ہیں، نجیم خان ایڈوکیٹ

پیر 23 اکتوبر 2017 21:29

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) جمعیت علماء اسلام ( نظریاتی ) خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری نجیم خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ختم نبوت کا حلف نکالنے کا گناہ دوسروں کے سر پر باندھنے والے اللہ کو کیا جواب دیں گے ،قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ختم نبوت کے مسئلہ پر ن لیگ کی حمایت کرنے والے آج قوم کو جھوٹ بول کر اپنی صفائیاں پیش کررہے ہیں ،ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مولوی امیرزمان میڈیا کے سامنے چیخ رہا تھا کہ اور کاغذات اچھال اچھال کر کہہ رہے تھے کہ کوئی ترمیم نہیں ہوئی ہے اور یہ سب جھوٹ ہے مگر دوسرے روز پارلیمنٹ میں مرکزی وزیرقانون نے بڑی بے شرمی سے کہا کہ ہاں ہم تسلیم کرتے ہیں کہ ختم نبوت کے حلف نامہ میں ترمیم کی غلطی ہوئی ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں جو مسودہ دیا گیا وہ انگریزی میں تھا لیکن یہ لوگ جھوٹ بول رہے ہیں کیونکہ یہی مسودہ اردو میں بھی تقسیم کیا گیا تھا ،یہ لوگ جھوٹ بول کر اللہ اور قوم کے سامنے شرمندہ ہورہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کتنے افسوس کا مقام ہے کہ ایک طرف امت مسلمہ کی قیادت کی بات کررہے ہیں تو دوسری طرف ختم نبوت قانون کے ساتھ اس ملک میں سیکولر لابی مغرب کی خوشنودی کے لئے جو کچھ کررہی ہے ان کے ساتھ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بنے بیٹھے ہیں ،انہوں نے کہا کہ آج تمام پارلیمنٹ کو گناہ کا مرتکب کیوں قرار دیا جارہا ہے تاکہ ان کے اپنے گناہ چھپ سکے ،انہوں نے کہا کہ وہ مولوی حضرات جو ختم نبوت میں ترمیم کرکے اس گناہ کے مرتکب ہوئے ہیں ، وہ اللہ تعالیٰ اور قوم سے معافی مانگیں ورنہ قیامت کے دن ان کے گریبانوں میں مظلوم مسلمانوں کے ہاتھ ہونگے ،انہوںنے کہا کہ ختم نبوت تنظیم والے بھی اس قانون میں ترمیم کرنے والے سے پوچھے ۔