پی ٹی آئی آئندہ انتخابات میں پورے ملک سے بھاری اکثریت حاصل کرے گی، محب اللہ خان

صوبائی حکومت زبانی جمع خرچ کے بجائے عوام عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے،اچھی کارکردگی کی بدولت دوسری سیاسی پارٹیوں کے راہنماؤں اورکارکنان جوق درجوق پی ٹی آئی میں شامل ہور ہے ہیں، معاون خصوصی کا شمولیتی اجتماع سے خطاب

پیر 23 اکتوبر 2017 21:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک وماہی پروری محب اللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے مثبت پالیسیوں اوراچھے کارکردگی کی بدولت دوسری سیاسی پارٹیوں کے راہنماؤں اورکارکنان جوق درجوق پی ٹی آئی میں شامل ہور ہے ہیں اورآئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے عمران خان کو پاکستان کا وزیر اعظم بنائے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے گاؤں سرخہ برہ بانڈی سوات میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے پی ٹی آئی ملاکنڈریجن کے سینئر نائب صدر حاجی فضل مولا ،عزیز الرحمن ،ملک عبدالکبیر اوردیگر مقررین نے بھی خطا ب کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف سیاسی پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان جن میں عطاء اللہ ،عالمزیب،طارق،ارشد،حاجی شیبرنے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کیا۔

معاون خصوصی محب اللہ خان نے پی ٹی ا ٓئی میں شمولیت اختیار کرنے والوںکومبارکباد دیتے ہوئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کایقین دلاتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ملک کے سا لمیت، بقاء اورپائیدار امن وامان کے قیام کے لئے ملک کے غیور عوام پی ٹی آئی کے پرچم تلے متحدہ ہوکراپنا کردار ادا کریں ۔انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے صوبے کے کونے کونے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھادیاہے۔

انہوںنے کہا کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے عوام عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے ۔ اس لئے صوبائی حکومت نے انتخابا ت کے موقع پر عوام سے جو وعدے کیے تھے۔ ایک ایک کو ایفاء کیا ہے ۔انہوںنے علاقے میں ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چار کروڑ روپے کی خطیر رقوم سے آبنوشی کے دو ٹیوب ویلز تنصیب کی جارہی ہے جس سے علاقے کے لوگوں کو پینے کے پانی کے سلسلے میں درپیش مشکلات کامستقل بنیادں پرازالہ ہوگا۔

اسی طرح پانچ کروڑ روپے روپے گلی اورکوچوں کے پختگی پرخرچ کیے جائیں گے۔محب اللہ خان کا کہنا تھا کہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ ماضی میں اس حلقہ کو ایک سازش کے تحت پسماندہ رکھا گیا جس کی وجہ سے علاقے کے لوگ بے شمار مسائل ومشکلات سے دوچار ہوئے ۔مگر اسکے برعکس پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبہ میں اقتدار سمبھالتے ہی بلا امتیاز تمام علاقوں کی ترقی کے لئے ریکارڈ ترقیاتی اقدامات اٹھائے ۔اس موقع پر کارکنوں کو تاکید کی کہ وہ 2018 ء کے عام انتخاب کے لئے بھر پور تیاریاں شروع کریں ۔