خواجہ سعد رفیق کی پشاور سے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں میںمسافروں کو کرایوں میں نمایاں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت

پیر 23 اکتوبر 2017 21:23

خواجہ سعد رفیق کی پشاور سے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق پشاور سے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں میںمسافروں کو کرایوں میں نمایاں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے جس کے بعد ریلوے حکام نے ملک گیر میں ٹرینوں کی ایئرکنڈیشنڈ اور اکانومی سمیت مختلف کلاسز میں کرایوں میں کمی کے آپشن پر کام شروع کردیاہے۔

وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے یہ ہدایت ریلوے ہیڈکوارٹرزمیں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ جس میں چیئرپرسن پاکستان ریلویز مسز پروین آغا،چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز محمدجاوید انور ، مشیرریلویز انجم پرویز ، ایڈیشنل جنرل منیجرعبدالحمید رازی سیمت دیگر حکام نے شرکت کی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عوام کو جمہوری حکومت سے بڑی امیدیں ہیں اور قومی ادارے عوامی توقعات پر پورااتریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران اور دہشت گردی کے عفریت پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ قومی ادارے پاکستان ریلوے کی بحالی بھی قوم کے لیے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر موجودہ انتظامیہ کے چار برسوں 2013-17کا موازنہ اس سے پہلے کے چار برسوں 2009-13 کے ساتھ کیاجائے تو پہلے چار برسوں میں بجٹ کا مجموعی ہدف 102 ارب 95کروڑ تھا جس کے برعکس اصل آمدن 74 ارب رہی جو ہدف سے 28فیصد کم تھی مگر اس کے مقابلے میں موجودہ چار برسوں میں بجٹ کا ہدف 117ارب 60کروڑ تھا اور اصل آمدن 131 ارب 63کروڑ رہی جوآمدن سے 12فیصد زیادہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ریلوے کی بحالی میں ریلوے ملازمین کا بھی اہم کردار ہے ان ملازمین کو پہلے تنخواہیں لیٹ ملتی تھیں اور بزرگ ریٹائرڈ ملازمین کے اربوں روپے واجب الادا تھے مگر اب تنخواہیں بروقت ادا کی جاتیں اور بزرگ شہریوں کو واجبات ادا کردیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سوا سو برس کے بعد پہلی مرتبہ ہونے والی ری سٹرکچرنگ بھی ریلوے ملازمین کے لیے ایک بڑا تحفہ اور ریلیف ثابت ہوگی۔

خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی کہ کرایوں کی کمی میں بزنس ماڈل کو سامنے رکھا جائے جس میں ریلوے کی آمدن کو متاثر کیے بغیر عوام کو ریلیف دیاجائے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان مسافروں کے شکر گزار ہیں جو ریلوے کو ایک محفوظ اور بااعتماد سفر کے لیے چنتے ہیںاور اب ہم اپنے مسافروں کی تعداد میں نمایاں اضافے کے لیے نئی حکمت ِ عملی اور جذبے کے بعدپرکشش مراعاتی پیکج متراف کروانے جارہے ہیں۔ یادرہے کہ ان برسوں میں پاکستان ریلویز رمضان المبارک اور عیدین پر بھی رعائتی پیکج اعلان کررہاہے۔تاہم تازہ ترین ہدایات کے بعد مسافروں کو جلد اضافی مراعات فراہم کی جائیںگی۔