حارث سہیل کیلئے ون ڈے سیریز بغیر کھیلے ختم ہوگئی

پیر 23 اکتوبر 2017 21:23

شارجہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء)سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 28 سال کے حارث سہیل، جنھوں نے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبو کیا تھا،ون ڈے سیریز میں کوئی میچ نہ کھیل سکے، التبہ تمام میچوں میں وہ ٹیم کیساتھ رہے۔کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ حارث سہیل کو فٹنس کے مسائل رہے،پٹھوں کے کھینچا کے سبب انھیں جھکنے میں تکلیف کا سامنا رہا۔

کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ آل راونڈر ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں،البتہ انھیں اپنی فٹنس کو بہتر بنانا ہوگا، انھیں نہ کھلانے کا سیدھا مقصد یہی تھا کہ انھیں غیر ضروری طور پر فٹنس مسائل میں الجھنے سے بجایا جائے۔حارث سہیل نے سری لنکا کے خلاف اپنی اولین ٹیسٹ سیریز میں 2 نصف سنچریوں کے ساتھ 176 رنز بنائے اور 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

(جاری ہے)

تاہم وہ سری لنکا کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا کوئی میچ نہ کھیل سکے۔

حارث سہیل پی سی بی کے سینڑل کنڑیکٹ کی سی کیٹگری میں شامل 11 کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔حارث سہیل اب دبئی سے پاکستان روانہ ہو رہے ہیں ،کیوں کہ ان کا نام سری لنکا کے خلاف ٹی 20 کے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہے۔حارث سہیل نے پاکستان کے لئے آخری ون ڈے 29 ماہ قبل زمبابوے کے خلاف لاہور میں 29مئی 2015 کو کھیلا تھا۔