چکوال، فصلوں کے را میٹریل، کوڑا کرکٹ ، بیکار ٹائر ،ربڑ ، پلاسٹک، پولی تھین بیگ اورہرقسم کا چمڑا جلانے پر پابندی عائد

پیر 23 اکتوبر 2017 21:11

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) فصلوں کا را میٹریل جلانے ، کوڑا کرکٹ جلانے ، بیکار ٹائر ،ربڑ ، پلاسٹک اور پولی تھین بیگ کے علاوہ ہرقسم کے چمڑے کو سرعام یا آبادی میں جلانے پر ڈپٹی کمشنر /کنٹرولر سول ڈیفنس چکوال نے پابندی عائد کردی۔ سول ڈیفنس آفیسر طالب حسین نے گورنمنٹ آف پنجاب کی ہدایات کے مطابق اور ڈپٹی کمشنر / کنٹرولر سول ڈیفنس کے آرڈر کے روشنی میں مدثرعمران انسپکٹر اور مس مہک اسحاق لیڈی انسپکٹر کی سربراہی میں دو ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں جو مختلف گنجان آباد علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہات کا بھی دورہ کریں گی اور اچانک چھاپے ماریں گی ۔

ان کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ کسی جگہ مثلاً کباڑخانہ ، ٹائر پنکچر شاپ اور پولی تھین بیگ فیکٹری اور کوڑا کرکٹ جمع کی ہوئی جگہ کا دورہ کریں گے اور جو کوئی آگ لگاتا ہوا یا ماحول کو گندا کرتا ہوا پایا گیا ، اُن کے خلاف کریمنل پروسیجر کوڈ 1998ء اور سول ڈیفنس سپیشل پاور رولز 1951ء سب رول 7 کے تحت موقع پر کارروائی کی جائے گی ، جس پر بھاری جرمانے کے ساتھ ساتھ چھ ماہ تک قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ مزید ہدایات کی ہیں کہ عام شہریوں کو اس بات سے آگاہ بھی کیا جائے کہ وہ پلاسٹک کے بیگ، پرانے ٹائر ، چمڑے کی مصنوعات، فصلوں کے باقی ماندہ میٹریل اور چمڑے کی مصنوعات کو آگ لگا کر شارع عام پرجلانا، ماحول میں آلودگی پیدا کرنا ، جس سے سانس کی بیماریاں ، معدے کی بیماریاں اور گلی کوچوں کو گندا کرنے کا سبب بنتی ہیں ۔ یاد رہے کہ گورنمنٹ آف پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اس ضمن میں 17اکتوبر 2017ء کو دفعہ 144 بھی نافذ کررکھی ہے ۔

متعلقہ عنوان :