مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج اور سیکورٹی فورسز تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کیلئے پرامن مظاہرین پر بیلٹ گنز کا استعمال کر رہی ہے‘ بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر تشدد اور بیلٹ گنز کے استعمال سے 76 شہری شہید ہو چکے ہیں،رپورٹ

پیر 23 اکتوبر 2017 21:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج اور سیکورٹی فورسز تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کیلئے پرامن مظاہرین پر بیلٹ گنز کا استعمال کر رہی ہے‘ بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر تشدد اور بیلٹ گنز کے استعمال سے 76 شہری شہید ہو چکے ہیں، 6800 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 700 انتہائی تشویشناک حالت میں ہیں۔

انٹرنیشنل مسلم ویمن یونین کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے بیلٹ گنز کے استعمال سے 250 شہری بینائی سے محروم ہو گئے ہیں جس کا اعتراف انٹرنیشنل کمیونٹی اور انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیموں نے بھی کیا ہے۔ روزنامہ دی ہندو کے مطابق بھارتی افواج 12 بور بندوق سے اور بیلٹ گن سے شہریوں پر چھروں کا استعمال کر رہے ہیں جن سے وہ شدید زخمی ہوتے ہیں اور اکثریت بینائی سے بھی محروم ہو جاتی ہے جس کا مقصد آزادی کی پرامن تحریک کو ظلم و بربریت اور تشدد کے ذریعے دبانا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ کشمیر کے مطابق 25 ڈرائیوروں کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران زخمی کیا گیا ہے جبکہ بیلٹ گن کے استعمال سے ضلع کپواڑہ میں دو خواتین اور ایک سالہ بچے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ بیلٹ گن میں لوہے کے چھرے استعمال کئے جاتے ہیں جن سے زخمی ہونے والے شہری ہمیشہ کیلئے اپاہج ہو جاتے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بیلٹ گن کے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

گاڈین نے لکھا ہے کہ بھارت نوجوان کشمیری مظاہرین کو بیلٹ گن کے ذریعے اندھا کر رہا ہے ۔ بیلٹ گن کا استعمال ممنوع ہونے کے باوجود بھی بھارتی افواج معصوم کشمیریوں پر اس کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز مظاہرین پر بیلٹ گن کا استعمال کر رہی ہے تاکہ وہ اندھے ہو جائیں۔

متعلقہ عنوان :