محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے6ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزامات ،

سابق وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کو گرفتار کر لیا گیا سماعت کے دوران عدالت نے شرجیل میمن سمیت 13ملزمان کی عبوری ضمانت میں توثیق کی درخواست مسترد کردی میں بھاگنے والا نہیں ، سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے،شرجیل انعام میمن کی گرفتاری سے قبل میڈیا سے گفتگو

پیر 23 اکتوبر 2017 20:50

محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے6ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزامات ،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) محکمہ اطلاعات سندھ میں کرپشن کیس میں سابق وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کو گرفتار کر لیا گیاہے۔ شرجیل میمن کو نیب ٹیم نے عدالت کے باہرسے گرفتار کیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ میں پونے 6 ارب روپے کی کرپشن کیس کی سماعت سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی ، سماعت کے دوران عدالت نے شرجیل میمن سمیت 13 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توثیق کی درخواست مسترد کردی۔

پیرکوسندھ ہائی کورٹ میںچیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے شرجیل میمن سمیت دیگر 13 ملزمان کی جانب سے دائر درخواست ضمانت میں توسیع کی درخواست کی سماعت کی۔اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر یاسر صدیق مغل نے شرجیل میمن کی عبوری ضمانت کی توثیق کی مخالفت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل انعام میمن سمیت 13 ملزمان کی عبوری ضمانت کی توثیق کی درخواست مسترد کردی۔

درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد شرجیل میمن کمرہ عدالت سے باہر آئے اور کچھ دیر بعد وکلا شرجیل میمن کو حصار میں لے کر واپس چیف جسٹس کے کورٹ روم لے گئے۔پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن پر محکمہ اطلاعات سندھ میں پونی6ارب روپے سے زائد کی کرپشن کے الزامات ہیں۔دوسری جانب شرجیل میمن نے وکیل شہاب سرکی کے توسط سے ایک اور درخواست عدالت میں جمع کرادی جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ میں اپیل کرنے تک نیب کو گرفتاری سے روکا جائے۔

میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ میں بھاگنے والا نہیں اور عدالت میں موجود ہوں، وکلا سے مشاورت جاری ہے، ہر قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔