تمام ارکان اسمبلی میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں، 2018ء تک این ای57کے تمام گھروں میں سوئی گیس کا استعمال ہوگا،وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد

پیر 23 اکتوبر 2017 20:36

تمام ارکان اسمبلی میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں، 2018ء تک ..
حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمدنے کہاہے کہ تمام ارکان اسمبلی میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں مسلم لیگ (ن) کے خلاف کی جانیوالی سازشیں ناکامی سے دو چار ہونگی، مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، آنیوالے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی، این ای57کے کونے کونے میں سوئی گیس فراہم کر دی ہے 2018ء تک تمام گھروں میں سوئی گیس کا استعمال ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈاکٹر اشرف بٹ ،شیخ اجمل محمود ،حامد قدوس ،حاجی ابرار حسین ،حاجی احسان خان ،طلال اشرف بٹ ،سعید الرحمٰن بھی موجود تھے۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے تمام ارکان اسمبلی میاں محمد نوازشریف کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں مسلم لیگ (ن) کو کمزور کرنے کیلئے اس طرح کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں، انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر جب بھی مشکل دور آیا پارٹی نے اس کا بھرپور مقابلہ کیا، میاں محمد نواز شریف کو ملک سے دہشت گردی ،لوڈ شیڈنگ اور دیگر ملکی مسائل حل کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ان ساڑھے چار سال کے دوران این اے 57 میں جو ترقیاتی کام ہوئے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، وفاقی وصوبائی حکومت کے خصوصی تعاون سے حلقے میں عوامی مسائل کے حل کیلئے بڑے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے گئے، سوئی گیس کی فراہمی بھی مسلم لیگ (ن) کے عوام دوستی کا ثبوت ہے، انہوںنے کہا کہ آنیوالے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اٹک سمیت ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔