اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے نوجوانوں کو مذہب کاغلط استعمال کرنیوالے لوگوں سے دور رکھنا چاہیے،مہران یونیورسٹی دنیا کی بہترین جامعات کے مقابلے کی انجینئرنگ یونیورسٹی ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی

پیر 23 اکتوبر 2017 20:36

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے نوجوانوں کوخودکو ایسے لوگوں سے دور رکھنا چاہیے جو مذہب کاغلط استعمال کر رہے ہیں، پڑہنے والے نوجوان ملک کا مستقبل ہیں ان کو پوری توجہ اپنی پڑھائی پر دینی چاہئے، کچھ عناصر نوجوانوںکو مذہب کے نام پر بھڑکا کر جذباتی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ارشد علی نے مہران یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پندرہ سالہ جشن کی اختتامی تقریب اور نئے بیچ 17 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر ارشد نے کہا کہ جب 2002 میں ہائر ایجوکیشن کمیشن بنی تھی تو اس وقت ملک میں صرف 68 جامعات تھیں جو آج 188 ہیں جبکہ 2002میں یونیورسٹیوں میں داخل طلبہ کی تعداد 2لاکھ 60ہزار تھا جو کہ اب ساڑھے 13لاکھ ہو گی ہے جس میں زیادہ تعداد طالبات کی شامل ہے، ڈاکٹر ارشد نے کہا کہ 2002 میں یونیورسٹیوں میں پڑھانے والے استاتذہ میں پی ایچ ڈی صرف 3 ہزار اساتذہ تھے جو اب 12 ہزار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہران یونیورسٹی نہ صرف انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں انفرا اسٹریکچر اور تدریسی معیار کے حساب سے بہترین ہے بلکہ وہ دنیا کی کئی جامعات کے مقابلے کی انجینئرنگ یونیورسٹی ہے۔ ڈاکٹر ارشد نے کہا کہ ملکی ترقی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا اہم کردار ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ نئے بیچ 17 کے طلبہ کو مبارک ہو جو ہزاروں طلبہ سے داخلہ ٹیسٹ میں مقابلہ کر کے مہران یونیورسٹی میں داخلہ لینے میں کامیاب ہوئے ہیں انہوں نے ہیک کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ 2002 کے بعد ملک میں جو بھی ٹیکنالوجی، تدریسی اور تحقیقی تبدیلیاں آئی ہیں ان کے پیچھے ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ہاتھ ہے، انہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک میں معلوماتی ورکروں ، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے ماہرین کی تعداد میں بڑا اضافہ کیا ہے جو کہ ملک کے ہر شعبے کو ترقی دلوانے میں مین کردار ادا کر رہے ہیں، ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کہا کہ مہران یونیورسٹی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے بہت ترقی ہوئی ہے ، مستقبل میں بھی امید کی جاتی ہے ہائر ایجوکیشن کمیشن ایسے ہی اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

ہیک کی 15سالہ اختتامی تقریب میں مضمون نویسی، پوسٹر بنانے ، تحقیقی ماڈل بنانے تعلیمی نعرہ اور لوگوبنانے سمیت دیگر مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور استاتذہ میں نقد انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے تقریب سے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی ، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل الیکٹرونکس اینڈ کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر بھوانی شنکر چودھری اور ہیک کے ریجنل ڈائریکٹر جاوید میمن نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :