افغان سفیر کی مولانا سمیع الحق کے بعد مولانا فضل الرحمن سے بھی ملاقات

عمر زاخیل وال نے مولانا فضل الرحمن سے افغانستان میں امن اور طالبان سے مذاکرات کے سلسلے میں مدد مانگ لی افغان سفیر چاہتے ہیں کہ پاکستانی مذہبی رہنمائوں کی طرف سے افغانستان میں حالیہ لڑائی کیخلاف بیانات جاری کئے جائیں ،ْذرائع افغانستان کے سفیر کی امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے بھی ملاقات ،ْ افغانستان کی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال

پیر 23 اکتوبر 2017 20:09

افغان سفیر کی مولانا سمیع الحق کے بعد مولانا فضل الرحمن سے بھی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) جمعیت علمائے اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے ملاقات کے ایک دن بعد پاکستان میں افغانستان کے سفیر عمر زاخیل وال نے پیر کو اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی اور ان سے افغانستان میں امن اور طالبان سے مذاکرات کے سلسلے میں مدد مانگ لی ۔

ملاقات میں افغانستان کے نائب سفیر زردشت شمس بھی شریک تھے ۔عمر زاخیل وال نے اپنے ٹوئٹر پر کہاکہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ان کی ملاقات جامع تھی جس میں اہم معاملات پر بات چیت کی گئی ۔افغان ذرائع نے ’’این این آئی ‘‘کو بتایا کہ افغان سفیر کی پاکستانی مذہبی رہنمائوں کیساتھ ملاقاتوں کا بنیادی مقصد افغانستان میں جاری لڑائی کیخلاف ان کے بیانات کے ذریعے حمایت حاصل کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ ملاقاتیں ایسے حالات میں ہورہی ہیں جبکہ طالبان نے افغانستان میں حالیہ دنوں میں کئی بڑے حملے کئے ہیں ،ْافغانستان کے دارالحکومت کابل ،ْ غزنی ،ْ قندھار اور پکتیکا میں فوجی اور پولیس کے مراکز پر گزشتہ چند دنوں کے حملوں میں تقریبا200افراد جاں بحق ہوئے اس کے علاوہ داعش نے بھی کابل میں گزشتہ ہفتے اہل تشیع کی مسجد پر حملہ کر کے درجنوں افراد کو قتل کیا تھا ۔

ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ افغان سفیر پاکستانی سیاسی رہنمائوں سے مزید ملاقاتیں کریں ۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن اور مولانا سمیع الحق کا طالبان پر اثرورسوخ موجود ہے اور افغان سفیر کی جمعیت علمائے اسلام کے رہنمائوں سے ملاقاتیں اس تناظر میں کی گئی ہیں ۔افغان سفیر چاہتے ہیں کہ پاکستانی مذہبی رہنمائوں کی طرف سے افغانستان میں حالیہ لڑائی کیخلاف بیانات جاری کئے جائیں اس لڑائی میں افغان حکام کے مطابق اب زیادہ تر افغان فوجیوں اور پولیس کو نشانہ بنایا جارہاہے۔ دریں اثناء افغانستان کے سفیر عمر زاخیل وال نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل سے بھی ملاقات کی جس میں افغانستان کی صورتحال سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔