آر ای ڈی ڈی پلس کے نمائشی منصوبوں پر بلاتاخیر کام شروع کیا جائے،کنور محمد جاویداقبال

پیر 23 اکتوبر 2017 20:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) ایف سی پی ایف میں ایشیاء سے سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندہ و پاکستانی سکالر کنور محمد جاویداقبال نے وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی پر زور دیا ہے کہ وہ آر ای ڈی ڈی پلس کے نمائشی منصوبوں پر بلاتاخیر کام شروع کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقائی سطح پر فارسٹ اسمبلی سے خطاب کے دوران کیا۔

انوائرنمنٹل پروٹیکشن سوسائٹی (ای پی ایس) نے فارسٹ اسمبلی کا اجلاس مینگورہ میں منعقد کیا تھا جس میں انسٹیٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز (آئی پی ایس) اور سرحد عوامی فارسٹری اتحاد (سافی) کا اشتراک و تکنیکی معاونت حاصل تھی۔ شرکاء نے ایک مشترکہ قرارداد منظورکی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ جنگلات سے وابستہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے اور آر ای ڈی ڈی پلس کے نمائشی منصوبوں پر بلاتاخیر کام شروع کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ای پی ایس اکبر زیب نے شرکاء کا استقبال کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ای پی ایس کی کارکردگی اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے خطاب بھی کیا۔ پروگرام منیجر ای پی ایس مسرور احمد نے اس ضرورت پر زور دیا کہ صوبائی حکومت کو چاہئے کہ متبادل روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں تا کہ جنگلات کا تحفظ ممکن بنایا جائے۔

کنزرویٹر فارسٹ یوسف خان نے آر ای ڈی ڈی پلس کا مکمل تجزیہ پیش کیا اور تکنیکی باتیں کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر گرین پاکستان پروگرام مسعود علی نے وفاقی منصوبوں کے تحت جنگلات کے تحفظ کی تفصیلات بتائیں۔ تحصیل ناظم حاجی رحمت علی نے جنگلات کے فوائد کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آئی پی ایس کے نمائندہ خاور سلطان نے اپنے ادارے کے بارے میں لوگوں کوبتایا اور اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ اُن کا ادارہ لوگوں کے مسائل اور پالیسی اصلاحات کیلئے کام میں معاون و ممدو بنے گا۔ جنرل سیکرٹری سافی جمشید علی نے غیر حل شدہ فاسٹ رائلٹی کے مسائل پر بات کی اور لوگوں کو متبادل روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی طرف توجہ دلائی۔