پنجاب کے پانچ اضلاع میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے خصوصی ڈولفن سکواڈ تشکیل دیئے ہیں ، موٹر سائیکلوں پر متحرک رہ کر خدمات سر انجام دیں گے

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرورکا ڈولفن سکواڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

پیر 23 اکتوبر 2017 19:55

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر برائے محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرورنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے پانچ اضلاع میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے خصوصی ڈولفن سکواڈ تشکیل دیئے ہیں جو موٹر سائیکلوں پر متحرک رہ کر خدمات سر انجام دیں گے۔

لوگ پولیس سے خوفزدہ ہوتے ہیںلیکن پولیس سے یہ خوف ان دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کو ہونا چاہیے جو جرائم کی وارداتوں کے مرتکب ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ڈولفن سکواڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سی پی او راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی اور سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی راجہ اشفاق سرور نے کہاکہ قانون کی حکمرانی قائم کرنے والوں کو ہر قیمت پر قانون کی پاسداری میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور کبھی بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈولفن کے نوجوان اپنی محنت ، قابلیت اور صلاحیتوں کے بل بوتے پر منتخب ہوئے ہیں اور اس ریجن میں ڈولفن سکواڈ کی کارکردگی مثالی ہوگی۔ انہوں نے ضلعی پولیس کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ سی پی او راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی کی سربراہی میں راولپنڈی پولیس میں بہتری لانے کے جو اقدامات اٹھائے گئے وہ قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت کی پابندی اور اپنے فرائض ایمانداری سے سر انجام دے کر ہی پولیس نوجوان مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے عوامی خدمت کے جس جذبے کے تحت ڈولفن اسکواڈ قائم کی ہے اس کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے میڈیا بھی رہنمائی کرے تاکہ معاشرے سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ پولیس کی کارکردگی ایسی ہونی چاہیے کہ امن پسند شہری پولیس کو اپنا ہمدرد اور دوست سمجھیں، پولیس سے قریبی رابطہ قائم رکھ کر پولیس کا تعاون حاصل کریں اور وہ پولیس کی موجودگی کو اپنے تحفظ کے ساتھ ساتھ خوشی کا باعث سمجھیں۔ چاک و چوبندو مستعد پولیس نوجوانوں پر مشتمل ڈولفن سکواڈراولپنڈی میںفعال کر دی گئی۔ 145 جوانوں پر مشتمل ہیوی بائیکس پر پنجاب پولیس کے یہ جوان چوبیس گھنٹے راولپنڈی میں سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لئے متحرک رہیں گے اور جرائم کی بیخ کنی میں فعال کردار ادا کرکے عوام کی جان و مال کی تحفظ کی ذمہ داریاں سر انجام دیں گے۔

سی پی او راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی نے کہا کہ ڈولفن اسکواڈ سے عوام میں احساس تحفظ پیدا ہو گا ، لاہور میں کامیاب تجربے کے بعد راولپنڈی میں بھی اس فورس کی مدد سے جرائم پر بڑی حد تک قابو پانے میں کامیاب ہوں گے اور نئی مستعد فورس عملی طور پر عوام کو نظر آئے گی جوکہ جرائم پیشہ عناصر کے لئے خوف دہشت کی علامت اور شہریوں کے لئے فرینڈلی پولیس ثابت ہوگی اوران کی مدد کے لئے ہمہ وقت دستیاب ہو گی۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈولفن سکواڈ ڈولفن پولیس کے نام سے سب سے پہلے استنبول میں متعارف ہوئی جس کا مقصد ایسے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کرنا تھا جو تنگ و تاریک راستوں ، شاہرائوں اور گنجان آباد علاقوں میں جرائم کی وارداتیں کرتے تھے اس وقت ترکی کے چالیس شہروں میں ڈولفن سکواڈ خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ڈولفن سکواڈ کے موٹر سائیکل سوار دن رات شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کریں گے جوسمارٹ وڈیجیٹل پولیسنگ ،4-G/LTE اینڈرائڈ سیٹ نیٹ ورک سے لیس ہوں گے جو کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور آپس میں رابطہ میں ہوں گے۔

جس میں ملزمان اور چوری شدہ گاڑیوں کا ڈیٹا موجود ہوگا اور یہ سکواڈ فوری طورپر کسی بھی موقع واردات پر پہنچے گا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹر زاس کے نگران ہوں گے۔ انسپکٹرز شفٹ انچارج ہوں گے۔ سیکٹر انچارج اے ایس آئی یا ایس آئی عہدے کے افسران ہوں گے۔ ٹیم لیڈر ہیڈ کانسٹیبل ہوگا۔ ایک ٹیم دو موٹرسائیکل سواروں پر مشتمل ہوگی جومحنت ، دیانت ، بہادری اور جانثاری کے ساتھ کام کرکے قانون کی حکمرانی قائم کرنے، شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے ،شائستگی سے پیش آنے کے ساتھ ساتھ اعلی پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کرے گی اور کرائم سین کو محفوظ کرنے ،ایمرجنسی کال ریسیکو15 پر فوری کاروائی کرکے بہتر کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوام کی نظر میںپولیس کے وقار میںاضافے کا باعث بنیں گے۔

اس سے قبل صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کی پولیس لائنز آمد پر انہیں سلامی دی گئی ۔ انہوں نے پولیس کے یاد گار شہدا پر بھی حاضری دی ۔ بعد ازاں ڈولفن سکواڈ نے موٹر سائیکلوں پرعملی مظاہرہ پیش کیا اور سلامی دی ۔

متعلقہ عنوان :