ڈی جی سپورٹس کا زیر تعمیر منصوبہ جات کرول گھاٹی اور گائو شالا گرائونڈز کا معائنہ

پیر 23 اکتوبر 2017 17:08

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے سپورٹس کے زیر تعمیر منصوبہ جات کرول گھاٹی اور گائو شالا گرائونڈز کا معائنہ کیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب نے گرائونڈز کی تیاری، پویلین اور سول ورک کا تفصیلی جائزہ لیا، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصراسسٹنٹ ڈائریکٹرناصر ملک اور ڈسٹر کٹ سپورٹس آفیسر تنویر شاہ نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ کرول گھاٹی گرائونڈ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ گرائونڈمیں فلڈ لائٹس لگانے کے ساتھ ساتھ دوسرے کام بھی جلد ازجلد مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے پویلین، اتھلیٹکس ٹریک، گرائونڈ کا بھی معائنہ کیا اور سول ورک کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے زیرتعمیر گرائونڈ گائو شالا کا بھی دورہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔

افسران نے نقشوں کی مدد سے ان کو منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔ افسران نے بتایا کہ گائو شالا گرائونڈ 119کنال پر مشتمل ہے،جس میں جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے منصوبے کے مختلف ایریاز کا جائزہ لیا، افسران کو کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ منصوبہ کی تعمیر میں میٹریل اعلیٰ معیار کا استعمال کیا جائے اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب نے راوی کنارے گائو شالا گرائونڈ میں زیر تعمیر اکھاڑے کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیسی کشتیاں پنجاب کی پہچان ہیں، اس کھیل کو زندہ رکھنے کیلئے راوی کنارے اکھاڑہ بنایا جارہا ہے جس میں پہلوانوں کو بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔