زرعی اجناس کی باقیات، میونسپل ویسٹ، ٹائروں ، ربڑ اور چمڑے کو جلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے،ڈپٹی کمشنر جہلم

پیر 23 اکتوبر 2017 17:08

جہلم ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے ہدایت کی کہ زرعی اجناس کی باقیات، میونسپل ویسٹ، ٹائروں ، پلاسٹک، ربڑ اور چمڑے کو جلانے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ، اس ضمن میں محکمہ داخلہ پنجا ب کی طرف سے عائد کی گئی دفعہ 144 پرسختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ بالاخلاف ورزی موجودہ آلودگی اور موجودہ موسمی حالات میں سموگ کا باعث بھی بن سکتی ہے جو کہ انسانی صحت کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔

(جاری ہے)

مذکورہ پابندی دفعہ 144کے تحت 18اکتوبر کو عائد کی گئی تھی جوکہ 16دسمبر تک نافذالعمل رہے گی اور اس میں مذید توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور چیف ایگزیکیٹو آفیسر ہیلتھ جہلم اس ضمن میں خصوصی اقدامات کریں اور زرعی اجناس کی باقیات، میونسپل ویسٹ، ٹائروں ، پلاسٹک اور ربڑ کو جلانے والوں کے خلاف کاروائی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور روزانہ پر اپنی کاروائی کے متعلق دفتر ڈپٹی کمشنر کو تحریری طور پر مطلع کریں۔