ْ 24 اکتوبر اس تاریخی عہد کے تجدید کا دن ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اپنا حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،

جموں وکشمیر کے ایک حصے کو بھارتی نا جائز تسلط سے آزادکروانے اور وہاں کی عوام کو حق خودارادیت دلوانے کے کاز کو ہم نے کس قدر آگے بڑھایا ہے،اس جدوجہد کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہمیں اورکس قدر کوشش کرنا ہوگی وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کا آزادکشمیر کے 70 ویں یوم تاسیس پر پیغام

پیر 23 اکتوبر 2017 17:05

ْ 24 اکتوبر اس تاریخی عہد کے تجدید کا دن ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے آزادکشمیر کے 70 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 24 اکتوبر کا دن اس تاریخی عہد کے تجدید کا دن ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اپنا حق خودارادیت دلوانے اور نصب العین کے حصول کے لیے اپنی تمام تر جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اُنہوںنے کہاکہ آج کا دن اس امر پر بھی غور کرنے کا دن ہے کہ ریاست جموں وکشمیر کے ایک حصے کو بھارتی نا جائز تسلط سے آزادکروانے اور وہاں کی عوام کو حق خودارادیت دلوانے کے کاز کو ہم نے کس قدر آگے بڑھایا ہے اوراس جدوجہد کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہمیں اورکس قدر کوشش کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آج کے دن ہم نے یہ عہد بھی کرنا ہے کہ آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام اور حکومت اُس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اُن کا حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمان آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے درجنوں کالے قوانین اور انسانیت سوز ظلم وتشدد کا سہارا لے رہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں معصوم کشمیری نوجوانوں کی آنکھوں کو پیلٹ گن سے چھلنی کیا گیا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ کشمیریوں کی عزت النفس کو مجروع کرنا بھارتی حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے اور بھارتی فوج اور اسکے ایجنٹس خواتین کی چٹیا کاٹنے جیسے ہتک آمیز واقعات میں بھی ملوث ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارتی حکومت کویہ جان لینا چاہیے کہ بھارت ان اوچھے ہتھکنڈوں سے نہ تو پچھلے ستر سال میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اپنے حق خودارادیت جیسے پیدائشی حق سے دستبردار کروا سکا ہے اور نہ ہی آئندہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اپنے حق کے حصول سے دستبر دار کروا سکتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کی عوام کے عزم اور اپنے کازکے حصول سے committment کو دیکھ کر چند سابق بھارتی حکام اور سابق بھارتی فوجی جرنیل بھی اس حقیقت کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں کہ بھارت فوجی طاقت سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نہیں دبا جاسکتا اور یہ کہ مسئلہ کشمیر کا حل کے لیے بھارت کو کشمیریوں اور پاکستان سے مذاکرات کرنے ہوں گے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ سابق وزیراعظم محمدنوازشریف نے مسئلہ کشمیر کو دُنیا کے تمام اہم فورمز پر اٹھایا اور جنرل اسمبلی میں اپنے خطبات میں اس موقف کو بھرپورواضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر نہ تو بھارت سے تعلقات معمول پر آ سکتے ہیں اور نہ ہی جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے فورم پر بھرپور طریقے سے اٹھایا اور دُنیا بھر میں ہمارے سفارت خانے اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی آواز بھرپور طریقے سے بلند کررہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ آج آزادکشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر ہم نے اس عہد کی تجدید کرنی ہے کہ ہم اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق خودارادیت کے حصول اور آزادی تک اُن کی تمام تر سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔

متعلقہ عنوان :