آئی جی سندھ سے آئی سی سی کے نمائندے ریگ ڈیکاسن کی ملاقات ،ْمختلف امورپر تبادلہ خیال

پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی بالکل درست فیصلہ ہے ،ْپاکستان کے عوام کی بھی ایک کثیرتعداد کرکٹ کے شوقین ہیں، آئی جی سندھ

پیر 23 اکتوبر 2017 16:57

آئی جی سندھ سے آئی سی سی کے نمائندے ریگ ڈیکاسن کی ملاقات ،ْمختلف امورپر ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کے نمائندے ریگ ڈیکاسن نے پیرکوسینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے چیف سیکیورٹی آفیسر کرنل ریٹائرڈ اعظم خان بھی تھے ۔ملاقات میں کراچی میں ماہ فروری میں منعقدکئے جانے والے پی ایس ایل میچز کے دوران بین الاقوامی معیار کی سیکیورٹی فراہم کرنے جیسے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی جی سندھ نے آئی سی سی کے نمائندے اور پی سی بی کے سیکیورٹی چیف سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں/ایجیسیز کے نمائندگان کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے بتایا کہ ڈی آئی جی ایسٹ نے تمام تر جائزوں اور مشاورت پر مشتمل کرکٹ میچز کے لئے فول پروف سیکیورٹی منصوبہ تیار کیا ہے، جس پر پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے مشترکہ حکمت عملی اور مربوط روابط کے تحت عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز کے بعد کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی انتہائی خوش آئند ہے یہ نا صرف کراچی بلکہ سندھ کے عوام کی بھی دیرینہ خواہش تھی جس سے بلاشبہ پورے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کے انعقاد کی واپسی یقینی ہوجائے گی۔انہوں نے آئی سی سی کو یقین دہانی کرائی کہ صوبے کی عوام اور سندھ پولیس وقانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے اپنی میزبانی اور مشترکہ سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات سے یہ ثابت کریںگے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ میچز کی واپسی بالکل درست فیصلہ ہے ۔

کیونکہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے عوام کی بھی ایک کثیرتعداد کرکٹ کے شوقین ہیں۔ڈی آئی جی ایسٹ نے اس موقع پر کرکٹ میچز کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات پر خصوصی حوالوں سے بریفنگ دی، جس میں کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کا پروٹوکول،اطراف کی سیکیورٹی،ائیرپورٹ سیکیورٹی،ٹرانسپورٹ، ٹریول سیکیورٹی،منتخب کردہ محفوظ روٹس مقامات پر سیکیورٹی،اسٹیڈیم کے اطراف میں حصار سیکیورٹی،ٹریفک /پارکنگ پلان،وغیرہ سمیت خصوصی ایس او پیز کے ساتھ ساتھ کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹر سے مانیٹرنگ قابل ذکر تھے ۔

ریگ ڈیکاسن نے اس موقع پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کرکٹ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات پراپنے اطمینان کا اظہار کیا اور سیکیورٹی پلان کو انتہائی جامع اور غیرمعمولی قرار دیا۔بعداذاں انہوں نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کیا اور سیکیورٹی مانیٹرنگ اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سندھ پولیس کی جانب سے آئی جی سندھ نے نمائندہ آئی سی سی کو یادگاری شیلڈ دی۔اجلاس میں کراچی، سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ کے ایڈیشنل آئی جیز،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ،ایسٹ اور ساؤتھ کے ڈی آئی جیز،اے آئی جی آپریشنز سندھ کے علاوہ آرمی،رینجرز،ایم آئی، آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :