ریگولیٹری ڈیوٹی کے معاملے پر نظر ثانی کی جائے گی کیونکہ حکومت تاجر برادری کو اپنا پارٹنراور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھتی ہے‘ہارون اختر

پیر 23 اکتوبر 2017 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر نے لاہور چیمبر کے وفد کو ریگولیٹری ڈیوٹی کا مسئلہ جلد حل ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وفد میں لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل،سابق صدور شیخ محمد آصف اور میاں انجم نثار شامل تھے۔

ہارون اختر نے کہا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی کے معاملے پر نظر ثانی کی جائے گی کیونکہ حکومت تاجر برادری کو اپنا پارٹنراور معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھتی ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے وفد کو حکومت کی اٴْن کوششوں سے آگاہ کیا جو وہ معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے کررہی ہے۔ انہوں نے معاشی بہتری کے لیے حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے لاہور چیمبر اور کاروباری برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت لاہور چیمبر کی تجاویز کو انتہائی سنجیدگی سے لیتی ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدرملک طاہر جاوید نے ریگولیٹری ڈیوٹی کا مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی پر ہارون اختر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی اور ودہولڈنگ ٹیکس نے کاروباری برادری کو مشکلات میں دھکیل دیا ہے اور وہ اپنے کاروباروں کے مستقبل سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی نہ صرف صنعت و تجارت کو متاثر کرے گی بلکہ سمگلنگ اور انڈرانوائسنگ کے مسائل مزید شدت اختیار کریں گے۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ ضروری خام مال وغیرہ کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کردینا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو ہارون اختر سے امیدیں وابستہ ہیں اور وہ توقع کرتی ہے کہ ان کی کوششوں سے ریگولیٹری ڈیوٹی کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔