گندم کی کاشت کیلئے شرح بیج 50کلو گرام فی ایکڑ رکھی جائے، زرعی ماہرین

پیر 23 اکتوبر 2017 16:39

سرگودھا۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ بوائی سے قبل گھریلو پیمانے پر گندم کا ذخیرہ کردہ بیج سیڈ گریڈر کے ذریعے صاف کرالیں، آبپاش علاقوںمیں گندم کی کاشت کیلئے سحر 2006، لاثانی 2008، فیصل آباد 2008، آری 2001، آس 2011، ملت 2011، پنجاب 2011، این اے آر سی 2011، گلیکسی 2013 اور اجالا 2016 کے بیج کا استعمال کریں۔

سحر 2006 اورگلیکسی 2013 کُنگی سے متاثرہ ہیںاس لیے ان کو کم سے کم رقبہ پر کاشت کریں۔

(جاری ہے)

شرح ِبیج 50کلو گرام فی ایکڑ رکھی جائے، بیماری جڑی بوٹیوں سے پاک صاف ستھرا اور صحت مند بیج کا ہی انتخاب کیا جائے۔ انہوںنے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بوائی سے قبل ذخیرہ کردہ بیج کا شرح اگائو معلوم کرنے کیلئے 100 دانوں کو اخبار یا پرانی پٹ سن کی بوری پر پھیلادیں ان دانوں پر پانی ڈال کر گیلا کردیں اور گیلے اخبار یاپٹ سن کے ٹکڑے سے اس کو ڈھانپ دیں 4سے 5دن تک صبح، دوپہراور شام اس کو گیلا رکھیں، 5دن بعد اُگے ہوئے بیجوں کی تعدادگن لیں مطلوبہ شرح اگائو 85تا 90فیصد ہے لیکن اگرشرح اگائو 85فیصد سے کم ہوتو شرح بیج میں 10کلوگرام فی ایکڑ اضافہ کرلیں ۔