قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کی ایشیاء ہاکی کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف

پیر 23 اکتوبر 2017 16:15

قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کی ایشیاء ہاکی کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ نے ایشیاء ہاکی کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔ قومی اسمبلی کی بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو کمیٹی کے چیئرمین عبدالقہار خان ودان کی صدارت میں پاکستان سپورٹس بورڈ میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ، رانا محمد حیات خان، خالد حسین مگسی، رانا محمد افضل خان، بیگم طاہرہ بخاری، ثوبیہ نذیر،آفتاب شعبان میرانی، ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو، رفیق احمد جمالی، مجاہد علی، سراج محمد خان، اقبال محمد علی خان اور انجنیئر محمد عثمان بادینی نے شرکت کیں۔

اجلاس میں کمیٹی کے چیئرمین کی مرحومہ والدہ کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نیشنل انٹرن شپ پروگرام کا معاملہ زیر بحث لایا گیا۔ اجلاس میں فیفا کی جانب سے فٹ بال فیڈریشن پر پابندی کا معاملہ زیر غور آیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیر زادہ نے کہا کہ فیفا کے معاملہ پر وزیراعظم سے وقت لیا ہے، پاکستان میں فٹ بال کا ٹیلنٹ ضائع نہیں ہو نا چاہئے۔

ریاض پیرزادہ نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ آنے پر خود فیفا میں جاؤں گا، فیفا کو خود بتاوں گا کہ کھیل میں حکومت کی مداخلت نہیں ہے۔ فٹ بال فیڈریشن نے فیفا سے ملنے والا فنڈ فٹ بال پر خرچ نہیں کیا، فیفا کو خط لکھا تھا کہ آپ کا دیا فنڈ وکلاء کی فیسوں میں جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹ بال فیڈریشن نے ایک روپے کے فنڈ کا بھی آڈٹ نہیں ہونے دیا۔

اجلاس میں پاکستان سپورٹس بورڈ حکام کی طرف سے ہاکی فیڈریشن اور ایشیئن گیمز سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ حکام کی جانب سے ایشیئن گیمز 2018ء میں درپیش مشکلات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ورلڈ چیمپیئن کھلاڑیوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں، سنوکر فیڈریشن کا سالانہ بجٹ 60 لاکھ ہے، سنوکر فیڈریشن کی گرانٹ 30 لاکھ سے کم کرکے 15 لاکھ کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز کم ملتے ہیں، آدھی رقم انتظامی اخراجات پر خرچ ہو جاتی ہے۔ اجلاس میں پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے اجلاس کو بتایا گیا کہ 7 کھلاڑی نیشنل بنک سے کھیل رہے ہیں، مالی حالات کسی بھی کھلاڑی کے اچھے نہیں ہیں، درخواست کی تھی کہ اگر سپورٹس بورڈ میں دو کمروں کے ہال مل جائیں، کراچی سندھ اور دیگر علاقوں کے لڑکے یہاں آ کے کھیل سکتے ہیں۔

وزیر کھیل نے چیئرمین بلیئرڈ اینڈ سنوکر کو کمرے دینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اچھا ہے سپورٹس بورڈ جتنا یوٹیلائز ہو گا اتنا ہی صاف ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینئر نے کہا کہ ہاکی میں بہتری کیلئے نیشنل ہاکی ٹریننگ سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے۔

متعلقہ عنوان :