Live Updates

حمزہ شہباز سے کوئی اختلاف نہیں ،شریف فیملی متحد ہے،2018 میں نوازشریف وزیراعظم ہوں گے‘ مریم نواز

شریف فیملی میں اختلاف کی خبریں 30سال سے سن رہے ہیں ، مخالفین کو جب کوئی بات نہیں ملتی تو افواہیں اڑائی جاتی ہیں (ن) لیگ کی مرکزی رہنما کا این اے 120کا دورہ ، کارکنوں نے بھرپور استقبال کیا،(ن) لیگ کے عہدیداران اور اہل علاقہ سے ملاقاتیں

پیر 23 اکتوبر 2017 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ انکے حمزہ شہباز سے کوئی اختلاف نہیں ،نوازشریف کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں اور 2018 میں نوازشریف وزیراعظم ہوں گے، شریف فیملی میں اختلاف کی خبریں 30سال سے سن رہے ہیں ، مخالفین کو جب کوئی بات نہیں ملتی تو افواہیں اڑائی جاتی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حلقہ این اے 120 کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مریم نواز نے کہا کہ حلقے میں ترقیاتی کام جس طرح ہونے چاہیے تھے اب ایسے ہی ہوں گے، اس حوالے سے خود چیزوں کی سرپرستی کروں گا۔نوازشریف کی وطن واپسی کے سوال پر مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف وطن واپس آرہے ہیں اور اس کے لیے وہ چل پڑے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پہلے سے متحرک ہے اور اس کے خلاف جو کچھ ہورہا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ (ن)لیگ سب سے زیادہ متحرک ہے۔حمزہ شہباز سے اختلاف کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ ہم میں کوئی اختلاف ہو لہٰذا ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، 30سال سے اختلافات کی باتیں سنتی آرہی ہوں، حمزہ شہباز میرا چھوٹا بھائی ہے، ان سے بھی کوئی اختلاف نہیں۔

نواز شریف کی سربراہی میں پورا خاندان متحد ہے، جب کوئی بات نہیں ملتی تو اختلافات کی باتیں شروع ہوجاتی ہیں۔لیکن اختلافات کی خواہش رکھنے والوں کو مایوسی ہوگی اور 2018ء میں نوازشریف وزیراعظم ہوں گے۔قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز حلقہ این اے 120میں مزنگ کے علاقے میں پہنچیں جہاں کارکنوں نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ مریم نوازکی این اے 120 کے انتخابی دفتر آنے پر کارکنوں نے گل پاشی کی اور ان کے حق میں نعرے لگائے۔ مریم نواز نے اہل علاقہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے اہل علاقہ کو حلقے میں مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ مریم نواز نے پارٹی دفتر میں (ن) لیگ کے عہدیداران سے ملاقاتیں کیں جس کے بعد وہ مزنگ سے روانہ ہوگئیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات