خطیب ہزارہ مولانا اسحاق کی اسلام کی سربلندی اورتحریک پاکستان میںانکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مشتاق غنی

پیر 23 اکتوبر 2017 15:41

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ خطیب ہزارہ مولانا محمد اسحاق (مرحوم) کی اسلام کی سربلندی اورتحریک پاکستان میں انکی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مولانا محمد اسحاق (مرحوم) 1921ء تا 1971ء تک 50 سال خطیب ہزارہ کے منصب پر فائز رہے، ساری زندگی دین اسلام کی خدمت کی، تحریک آزادی میں جان ڈالی اور مسلم لیگ کی بنیاد رکھی، ہمیں اپنے بزرگوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے بلکہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے، انہیں بہت خوشی ہو رہی ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد ایبٹ آباد لائبریری کا نام مولانا محمد اسحاق (مرحوم) کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے، ان کے نام سے ایبٹ آباد میں اب ایک یادگار قائم ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

وہ گذشتہ روز جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں ایبٹ آباد لائبریری کا نام تبدیل کر کے مولانا محمد اسحاق (مرحوم ) کے نام سے منسوب کرنے کی موقع پر مولانا محمد اسحاق (مرحوم) لائبریری کے افتتاح پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کے صاحبزادے محمد الیاس لودھی، ڈسٹرکٹ خطیب ایبٹ آباد مفتی مولانا عبد الواجد اور دیگر نے اپنے خطاب میں مولانا محمد اسحاق کی زندگی پر روشنی ڈالی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

تقریب میں معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھیں۔ مشتاق احمد غنی نے کہا کہ مولانا محمد اسحاق اور جلال بابا دونوں شخصیات کے حوالہ سے ان کی خدمات پر مبنی باقاعدہ کتابیں چھپائیں جائیں اور لائبریری میں رکھی جائیں تاکہ ہماری نئی نسل ان کی خدمات سے روشناس ہو سکیں کہ انہوں نے اپنی زندگی میں دین اسلام اور تحریک پاکستان میں کیا کیا خدمات سرانجا م دی۔

مشتاق احمد غنی نے کہا کہ الله تعالیٰ مولانا محمد اسحاق خطیب ہزارہ کے درجات بلند کرے اور ہمیں ان کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ مشتاق احمد غنی نے کہا کہ وہ ایبٹ آباد میں خواتین کیلئے الگ یونیورسٹی کیمپس کے قیام سمیت ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کو ایوب میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دلانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر مولانا محمد اسحاق (مرحوم) کے صاحبزادے محمد الیاس لودھی نے لائبریری کیلئے ایک لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :