ضلع و تحصیل کونسل کے ممبران کا صوبائی حکومت سے فن خطاطی کے فروغ کیلئے ادارہ قائم کرنے کا مطالبہ

پیر 23 اکتوبر 2017 15:41

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) پاکستان بیت المال کے ضلعی آفیسر نیئر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ضلع و تحصیل کونسل کے ممبران اپنے اجلاسوں میں قراردادیں منظور کر کے صوبائی حکومت سے فن خطاطی کے فروغ کیلئے ادارہ قائم کرنے اور خصوصی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کریں، مسلمانوں کی تہذیب و ثقافت کی بقاء کیلئے اسلامی فن خطاطی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

وہ چیمبر آف کامرس کے ہال میں منعقدہ دوسری تین روزہ اسلامی خطاطی نمائش کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر مقامی آرٹسٹ نے انہیں فن خطاطی اور فن پاروں بارے بریفنگ دی۔ نیئر جعفری نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ افراد معاشرہ کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی اسلامی تہذیب و ثقافت کے احیاء و فروغ کیلئے کردار ادا کریں، ہم اپنے طور پر فن خطاطی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے سیمینارز اور دیگر پروگرام کروانے میں تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ضلعی افسران سے رابطوں کے ساتھ ساتھ برادراسلامی ملک ایران جو فن خطاطی میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے، کے خانہ فرہنگ کو ہری پور پروگرام میں دعوت دیکر مقامی آرٹسٹ کے فن پاروں کو ایران کی آرٹ گیلریوں میں متعارف کرانے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔ اس کیلئے مقامی آرٹسٹ کو ہمارا ہر طرح کا تعاون حاصل ہو گا۔