جدید تعلیم کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے، تعلیمی اداروں میں جدید آلات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے،آمنہ سردار

پیر 23 اکتوبر 2017 15:41

حویلیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جدید تعلیم کا حصول وقت کی ضرورت ہے، بچیوں کو بہتر تعلیم کیلئے اساتذہ سمیت والدین کی بھرپور توجہ کی ضرورت ہے، تعلیم کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے شرط اول ہے، بہتر تعلیمی اداروں کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وہ سوموار کو گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوکل میں کمپیوٹر لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر ڈی ای او ایبٹ آباد فائزہ شفیع اور پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول کوکل پرویز اختر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا دارومدار ملک کی تعلیمی سرگرمیوں سے ہوتا ہے، تعلیمی اداروں میں جدید آلات کی فراہمی حکومت کی اہم ذمہ داری ہے، آج کی بچی کل کی ماں ہے اور پڑھی لکھی ماں پڑھے لکھے معاشرہ کی ضامن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں جدید طرز تعلیم کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان میں بھی فرسودہ نظام تعلیم کا خاتمہ ضروری ہے، آج دنیا کمپیوٹر کی سکرین تک محدود ہو کر رہ گئی، کمپیوٹر ہی مستقبل کا ذریعہ تعلیم سمجھا جانے لگا ہے۔ آمنہ سردار نے کہا کہ بچیوں کو موبائل کی خرافات سے دور ہو کر اپنی تمام توجہ تعلیم پر دینا ہو گی تاکہ ملک کی ترقی میں وہ مردوں کے شانہ بشانہ زندگی کے ہر شعبہ میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوکل کی پرنسپل اور سٹاف کی بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے دوران سکول کی طالبات نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :