مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہزارہ سمیت ملک بھر میں عملاً کام کر کے عوام کے اعتماد پر پورا اتری ہے،آئندہ انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کریں گے، ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی

پیر 23 اکتوبر 2017 15:41

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہزارہ سمیت ملک بھر میں عملاً کام کر کے دکھائے ہیں، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرے گی، ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بدولت ہم عوام کے اعتماد پر پورا اتر رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہزارہ کو جتنے میگا پراجیکٹ دیئے گئے ہیں ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، ہزارہ موٹر وے کے میگا پراجیکٹ کے بعد ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے قیام کی منظوری یہاں کے عوام کیلئے تاریخی تحفے ہیں۔

وہ گذشتہ روز سردار ہائوس میں ویلج کونسل نگری بالا کے وائس چیئرمین سردار اکرم عرف لڈو اور کونسلر فضل رحیم سمیت دیگر اہم شخصیات کی اپنی برادری اور جنبہ سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سردار ذوق اور مسلم لیگی قائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کو آئندہ انتخابات میں بھرپور طریقہ سے کامیاب کرانے کا یقین دلایا ہے۔

نگری کے سردار علی اصغر سمیت متعدد شخصیات نے رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار کی کوششوں کی بدولت مرتضیٰ جاوید عباسی کے جنبہ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ترقی سے محروم علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، تمام علاقوں میں بلاتفریق ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع ہے جن کی تکمیل سے علاقہ کی تقدیر بدل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں جتنے ترقیاتی کام ہو رہے ہیں اتنے گذشتہ 50 سالوں میں بھی نہیں ہوئے ہیں، ہم وعدوں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں اور آئندہ انتخابات میں یہاں کے عوام کارکردگی کی بنیاد پر ہمیں دوبارہ کامیاب کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ میں دراڑوں کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، مسلم لیگ مکمل طور پر متحد ہے، ہماری جماعت ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، ایک دو افراد کے آنے جانے سے پارٹی پر کسی قسم کا کوئی اثر نہیں پڑتا، مسلم لیگ (ن) سمندر ہے، یہاں جانے والوں کی بجائے آنے والوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

متعلقہ عنوان :