مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن ناپید رہے گا‘ بھارت جنوبی ایشیاء میں اپنی چودہراہٹ قائم کرنا چاہتا ہے جو ناممکن ہے ‘ چائینہ ، پاکستان اقتصادی راہداری نے بھارت کے تمام خواب چکنا چور کر دیئے ہیں‘بیرسٹر افتخار گیلانی

پیر 23 اکتوبر 2017 15:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں امن ناپید رہے گا ۔ پاکستان کی معاشی اور دفاعی ترقی کی راہیں بھارت مسدود کر کے جنوبی ایشیاء میں اپنی چودہراہٹ قائم کرنا چاہتا ہے جو کہ ناممکن ہے ۔ چائینہ ، پاکستان اقتصادی راہداری نے بھارت کے تمام خواب چکنا چور کر دیئے ہیں ان خیالات کا اظہار بیرسٹر افتخار گیلانی وزیر تعلیم آزاد حکومت ریاست جموںوکشمیر نے جموںوکشمیر لبریشن سیل نے طرف سے 24ویں میڈ کیئرئیر مینیجمنٹ کورس (MCMC) کوئٹہ کے شرکاء کو مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں سے متعلق دی گئی بریفنگ کے دوران اپنے خطاب میں کیا۔

24ویں میڈ کیئرئیر مینجیمنٹ کورس کی50رکنی وفد کوسیکرٹری جموںوکشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی نے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی اس موقع پر وزیرحکومت بیرسٹر سید افتخار گیلانی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اورشرکاء کے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر سوالات کے جوابات دیئے انہوں نے حکومت آزاد کشمیرکی طرف سے مسئلہ کشمیرکی پبلسٹی و پروجیکشن اور آزاد کشمیر کے عوام کو محدود مالی وسائل کے باوجود بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لئے حکومت آزاد کشمیر کے اقدامات کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے کشمیری بنیادی فریق ہیں اور مسئلہ کشمیر کی صحیح معنو ںمیں ترجمانی اور پروجیکشن کے لئے حکومت آزاد کشمیر کو بااختیار بنایا جانا ضروری ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان میں رائے عامہ کو مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں اور پاکستان کی ترقی اور اس کے استحکام کے لئے کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے نظریہ کو اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے او ر اس سلسلہ میں قومی میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

تقریب کے اختتام پر جناب وزیرحکومت نے جموںوکشمیر لبریشن سیل کی طرف سے وفد کے سربراہ کو شیلڈ پیش کی اور وفد کی طرف سے شیلڈ وصول کی ۔جناب سیکرٹری جموںوکشمیر لبریشن سیل نے جناب وزیر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور ان کو کشمیر لبریشن سیل کی طرف سے شیلڈ پیش کی ۔