عوام نے منفی سیاست کرنے والوں کو ہر محاذ پر مسترد کیا ہے، زمرد یاسمین رانا

پیر 23 اکتوبر 2017 15:32

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)پاکستان مسلم لیگ ن کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے سیاست کو ہمیشہ عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھا ہے اورگزشتہ ساڑھے چار برس کے دوران مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے عوامی خدمت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے دورمیں ہونیوالی تیزرفتار تر\قی کی کوئی اور مثال ملک کی 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی اوریہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن آج بھی ملک کی مقبول ترین جماعت ہے اور آئندہ عام انتخابات میں بھی عوامی خدمت،دیانت ،محنت اورشفافیت کی سیاست کی جیت ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاست کو ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کا ذریعہ بنانے والوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونگے،ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دینے و الے کبھی ملک وقوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے اورایسے سیاستدانوں کا محاسبہ عوام کریں گے، انہوں نے کہا کہ الزام تراشی،انتشار اورجھوٹ کی سیاست پاکستان کے عوام کو کسی صورت گوارہ نہیں،ملک کے باشعور عوام نے منفی سیاست کرنیوالوں کو ہر محاذ پر مسترد کیا ہے، 2018ء کے عام انتخابات میں بھی ان عناصر کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔